تیل کی عالمی طلب میں کمی، آئل انڈسٹری اپنا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے کیا منصوبہ سازی کر رہی ہے؟

آئل انڈسٹری آئندہ پانچ سالوں کے دوران پلاسٹک کی پیداوار میں ایک چوتھائی (25 فیصد) اضافے کے لیے 400 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے: رپورٹ

607

لندن: دنیا بھر میں خام تیل کی طلب میں کمی کے باعث آئل کمپنیاں اپنا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے پلاسٹک مصنوعات کی پیداوار پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں جس کی وجہ اس کا روز بروز بڑھتا استعمال ہے۔

آئل انڈسٹری آئندہ پانچ سالوں کے دوران پلاسٹک کی پیداوار میں ایک چوتھائی (25 فیصد) اضافے کے لیے 400 ارب ڈالر (337.8 ارب یورو) سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے تاہم اس میں سرمایہ کاروں کو بڑے نقصانات کا بھی اندیشہ ہے۔

فنانشل تھنک ٹینک کاربن ٹریکر اور پائیداری و ترقی کے حوالے سے گروپ سسٹمک کی جانب سے جمعے کو جاری رپورٹ کے مطابق تیل کی صنعت کو حالیہ مہینوں کے دوران بڑے پیمانے پر ایک سوال کا سامنا ہے کہ تیل کی عالمی طلب اب اپنی بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے جبکہ کورونا وائرس کے باعث ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ تیل کی کھپت میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی۔

اس کے علاوہ ماحول دوست توانائی کے شعبے میں بڑھتی سرمایہ کاری بھی پٹرولیم کے معدوم مسقبل کا باعث بن رہی ہے، اس لیے وہ مسقبل میں پلاسٹک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اس کی پیداور پوری کر نے کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 2000ء سے اب تک پلاسٹک کی پیداوار میں سالانہ 4 فیصد کے قریب اضافہ ہوا، اکثر کمپنیاں اس امید کے ساتھ اس شعبے میں داخل ہوئیں کی پلاسٹک کی طلب میں اضافہ متواتر رہے گا۔

پلاسٹک کی صنعت کو زیادہ تر ابھرتی ہوئی معیشتوں میں فروغ دیا گیا، اس کی پیداوار خام تیل کی عالمی طلب کے 9 فیصد سے بھی کم ہے تاہم یہ تیل کی طلب میں اضافے کا سب سے بڑا عنصر ہے۔

رپورٹ کا کہنا ہے کہ آئل انڈسٹری آئندہ پانچ سال کے دوران پلاسٹک کی پیداوار میں 25 فیصد اضافے کے لیے 400 ارب ڈالر (337.8 ارب یورو) سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے تاہم اس میں سرمایہ کاروں کو بڑے نقصانات کا بھی اندیشہ ہے۔

کاربن ٹریکر کے شعبہ توانائی کے ماہر کنگز مل بانڈ نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ پلاسٹک انڈسٹری کی نظر میں آئندہ 10 سے 20 سال کے دوران پلاسٹک کی طلب بڑھ کر دو گنا ہو جائے گی جبکہ معاشرہ اس میں کمی، اس کے متبادل کی تلاش اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے میں ناکام رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک مصنوعات کی طلب سالانہ چار فیصد اضافے کے ساتھ 2027ء تک اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی توقع ہے، اس کے بعد اس کی طلب میں اضافہ ایک فیصد سے کم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مفروضہ غیر معقول ہے کہ آپ نے گزشتہ 70 سالوں کے دوران جو کچھ کیا ہے وہ آئندہ 50 سال تک انجام دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں سالانہ 350 ملین ٹن پلاسٹک تیار ہو رہا ہے جس کا نصف ایشیا، 19 فیصد شمالی امریکا اور 16 فیصد یورپ میں تیار کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پلاسٹک کے بڑھتے استعمال نے آلودگی کا بحران پیدا کیا ہے، ہر سال کم از کم 8 ملین ٹن پلاسٹک سمندروں میں پھینک دیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here