اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے کہا ہے کہ جولائی 2020 میں طبی مصنوعات کی درآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11.60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پی بی ایس کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020 میں ملک نے 89.337 ملین ڈالر مالیت کی طبی مصنوعات درآمد کیں، جولائی 2019 میں پاکستان نے 80.048 ملین ڈالر مالیت کی طبی مصنوعات درآمد کی تھیں۔
مقدار کے اعتبار سے پاکستان نے زیرِجائزہ عرصے کے دوران 2083 میٹرک ٹن کی ادویات درآمد کی تھیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران یہ درآمدات 1836 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھیں، رواں سال ادویات اور دیگر میڈیکل مصنوعات کی درآمدات میں 13.45 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
تاہم، ماہانہ اعتبار سے جون 2020 کے 111.495 ملین ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں جولائی 2020 میں طبی مصنوعات کی درآمدات میں 19.87 فیصد کمی آئی۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ مالی سال 2021 کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران ملکی تجارتی خسارے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.72 فیصد کمی آئی ہے۔
مالی سال 2020 کے پہلے ماہ میں 1.827 ملین ڈالر کا تجارتی خسارہ دیکھا گیا تھا جبکہ مالی سال 2021 کے پہلے ماہ میں یہ خسارہ 1.686 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا۔
زیرِجائزہ مہینے کے دوران ملکی برآمدات میں 6.10 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال 1.886 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.001 ارب ڈالر دیکھی گئیں، جبکہ درآمدات میں 0.70 فیصد کمی آئی ہے جو 3.713 ارب ڈالر سے کم ہو کر 3.687 ارب ڈالر رہیں۔