اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چئیرمین کی بھرتی کے لیے تشکیل کردہ سلیکشن کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان کو شارٹ لسٹ کیے جانے والے امیدوار کے نام بھیج دیے، وزیراعظم عمران خان اوگرا کے چئیرمین کی تعیناتی کی حتمی منظوری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کے معاملات کی نگرانی کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو اپنا پسندیدہ افسر چننے میں مشکلات درپیش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انکے معاونِ خصوصی شہزاد اکبر کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اوگرا کی چئیرمین شپ کے لیے 24 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کرنے کے بعد پانچ امیدواروں کا پینل شارٹ لسٹ کیا تھا۔
شارٹ لسٹ ہونے والے پانچ امیدواروں کے مابین تین کا تعلق اوگرا جبکہ باقی دو کا تعلق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) سے ہے۔ اوگرا سے تعلق رکھنے والے تین امیدواروں میں ڈاکٹر عبداللہ ملک (سابق رکن آئل اوگرا)، سینئیر ایگزیکٹو ڈائریکٹر (اپیلز) زین العابدین قریشی اور ایس ای ڈی (گیس) شہزاد اقبال جبکہ سی ایف او نیپرا سلمان امین اور ڈی ڈی جی ایف ڈبلیو او سلمان قیصرانی کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گیس کمپنیاں شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں میں سے حتمی امیدوار شہزاد اقبال کی چئیرمین شپ کے لیے لابی کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
تاہم، ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ شہزاد اقبال نے اوگرا کے ساتھ کام کرنے کے دوران UfG کے تحت گیس یوٹیلیٹیز کو بے جا فراہم کیا تھا، شہزاد اقبال کو حال ہی میں خراب کارکردگی کی بنا پر اوگرا کے گیس ڈیپارٹمنٹ سے کسی دوسرے ڈیپارٹمنٹ میں ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اگر وزیراعظم اوگرا کے چئیرمین کی تعیناتی سے متعلق منظوری دے دیتے ہیں تو یہ معاملہ رسمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔