واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت حکومت کیلئے لازم ہے کہ وہ ضروری ادویات غیر ملکی کمپنیوں کی بجائے امریکی کمپنیوں سے خریدیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو متعدی امراض کے پھیلائو، کیمیاوی، حیاتیاتی، تابکاری اور جوہری خطرات سے اپنے شہریوں، اہم بنیادی ڈھانچے، افواج اور معیشت کو تحفظ دینا ہو گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم ضروری ادویات، ماسک، دستانے، حفاظتی چشموں اور وینٹی لیٹرز سمیت دیگر طبی ساز و سامان کیلئے غیر ملکی مینوفیکچرنگ پر انحصار کم کریں تا کہ ان چیزوں کی ممکنہ قلت کے خطرے کو کم کرنے کیلئے صحت سے متعلق اپنے ملکی شعبے کو متحرک کیا جائے۔
وائٹ ہائوس کے مشیر برائے تجارت پیٹر نیوارو کا کہنا تھا کہ اس حکم نامے کے تحت، امریکی حکومت ضروری ادویات کی ایک فہرست مرتب کرے گی اور پھر انہیں چین جیسے غیر ممالک سے خریدنے کی بجائے، امریکی کمپنیوں سے خریدے گی۔