واپڈا کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے 120 ارب روپے کی آمدن  

نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 10 ارب یونٹ پن بجلی فراہم کرکے پاور پلانٹ نے سنگ میل عبور کر لیا

792
DCIM100MEDIADJI_0063.JPG

اسلام آباد: نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ پیداواری عمل شروع ہونے کے بعد سے اب تک نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 10 ارب یونٹ پن بجلی مہیا کر چکا ہے، نیلم جہلم پاور پلانٹ نے یہ سنگ میل گزشتہ شب عبور کیا۔

پلانٹ سے پیدا ہونے والی اس بجلی کی بدولت 120 ارب روپے کی آمدن حاصل ہو چکی ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاورپلانٹ اپنے موثر آپریشن کی بدولت ڈیزائن میں متعین سالانہ پیداوار سے بھی زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے۔

مالی سال 2019-20ء کے دوران پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کا ہدف 4 ارب 66 کروڑ یونٹ تھا لیکن اس دوران پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو 4 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی گئی جو ٹارگٹ سے 18 کروڑ 30 لاکھ یونٹ زیادہ ہے۔

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969 میگاواٹ ہے۔ اس کے چار پیداواری یونٹ ہیں اور ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ ہے۔

پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے اپریل 2018ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہوئی تھی۔ منصوبے کے چاروں یونٹ سے مرحلہ وار بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوا اور 14 اگست 2018ء کو پاور پلانٹ نے اپنی پوری پیداواری استعداد 969 میگاواٹ کے مطابق بجلی پیدا کی۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ منصوبہ سے 9 اپریل 2019ء کو ایک ہزار 40 میگاواٹ تک بجلی پیدا کی گئی جو اِس منصوبے کے الیکٹرومکینیکل آلات خصوصاً ٹربائن کی اعلیٰ استعدادِ کار کی عکاسی کرتا ہے۔

آج کل دریائے نیلم میں ہائی فلو سیزن کی وجہ سے پانی کی مطلوبہ مقدار دستیاب ہے اور نیلم جہلم اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here