سعودی آرامکو کے خالص منافع میں دوسری سہ ماہی کے دوران 73 فیصد کمی

500

ریاض: سعودی عرب کی قومی تیل کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ دوسری سہ ماہی کے دوران اس کے خالص منافع میں سالانہ بنیاد پر 73 فیصد کمی سامنا کرنا پڑا ہے۔

کمپنی کی جانب سے گزشتہ روز جاری اعداد و شمار کے مطابق دوسری سہ ماہی کے دوران اس کا خالص منافع 6.6 ارب ڈالر رہا جو 2019ء کے اسی عرصے میں 24.7 ارب ڈالر رہا تھا۔

آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین نصیر نے اپنے بیان میں کہا کہ خالص منافع میں کمی کی وجہ کورونا وائرس کے دوران دنیا بھر میں تیل کی طلب میں بڑے پیمانے پر کمی اور اس کے نتیجے میں نرخوں کا گرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرامکو کے مالی نتائج کافی بہتر اور ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق ہیں جبکہ دنیا کی دیگر بڑی کمپنیاں تو وائرس کی ابتداء ہی سے شدید بحران کا شکار ہیں۔

پانچ بڑی آئل کمپنیوں برٹش پٹرولیم، شیوران، ایکسن موبل، رائل ڈچ شیل اور ٹوٹل نے حال میں دوسری سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 53 ارب ڈالر خسارے کی رپورٹ جاری کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرامکو کے مالی نتائج اس کے استحکام کے عکاس ہیں اور کمپنی رواں سال اپنے شیئر ہولڈرز کو اربوں ڈالر ڈیویڈنڈ (منافع) دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ آرامکو کا رواں سال کی پہلی ششماہی کا خالص منافع بھی سالانہ بنیاد پر 50.5 فیصد کمی کے ساتھ 23.2 ارب ڈالر رہا، 2019ء کی پہلی ششماہی کے دوران کمپنی کو 46.9 ارب ڈالر خالص منافع ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here