لاہور: پاکستان کے سیمنٹ بنانے والی بڑی کمپنیوں میں سے ایک فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) کو رواں مالی سال 2023 کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے اختتام پر بعد از ٹیکس 6 ارب 96 کروڑ روپے کا خالص منافع (net profit) ہوا ہے۔
گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کو 5 ارب 34 کروڑ روپے خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ منافع میں نمایاں اضافہ زیادہ مجموعی مارجن اور نیٹ فنانس انکم کی وجہ سے ہے۔
مالیاتی رپورٹ کے مطابق فوجی سیمنٹ کی ٹاپ لائن 35 فیصد سالانہ اضافے کے ساتھ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 52 ارب روپے تک پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجہ بلند قیمتوں کے استحکام کو قرار دیا گیا ہے۔
اس نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مارجن کو 27.08 فیصد تک پہنچا دیا جو مالی سال 2022ء کے پہلے 9 ماہ میں 26.08 فیصد تھا۔ کمپنی نے پہلی ششماہی میں بہتر مارجن کے درمیان مؤثر قیمتوں میں اضافہ کیا جو لاگت کے بڑھے ہوئے دباؤ کے اثرات کو دور کرنے کے لیے کافی رہا۔
زیر جائزہ مدت کے دوران کمپنی کی مالیاتی لاگت 2.5 ارب روپے تک بڑھ گئی جو کہ مالی سال 2022 کے پہلے 9 ماہ میں 85 کروڑ 60 لاکھ روپے تھی۔
شرمین سکیورٹیز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالیاتی لاگت میں اضافہ بڑھتی شرح سود کی وجہ سے ہوا جس کی وجہ سے نظام پور سائٹ پر 20 لاکھ ٹن سے زائد کی توسیع کیلئے حاصل کردہ قرضوں اور ڈی جی خان سائٹ پر آئندہ توسیع کی مالی ذمہ داری کے حوالے سے ہونے والے نقصانات کو بڑھا دیا۔
تیسری سہ ماہی کے دوران کمپنی نے مجموعی طور پر 80 کروڑ 69 لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 95 کروڑ 99 لاکھ روپے سے 16 فیصد کم ہے۔