وزیر خزانہ کی ای کامرس سیکٹر کی ترقی کیلئے دراز گروپ کو تجاویز دینے کی ہدایت

1015

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ای کامرس کے فروغ کیلئے مکمل معاونت کر رہی ہے کیونکہ یہ شعبہ اقتصادی بڑھوتری اور مستقبل میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں عمل انگیز کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

گزشتہ روز پاکستانی ای کامرس کمپنی دراز کے نمائندوں نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی، وفد میں درازگروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جارک میکلسن، دراز پاکستان کے ایم ڈی احسان سایا، گروپ کی سی ایف او کرن فاروقی اور دراز پاکستان کے سی ایف او احمد حسن شامل تھے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دراز جیسے پلیٹ فارم کی معاونت سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ اس طرح کی مشترکہ کوششوں سے ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

دراز پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر خزانہ کو اپنے آن لائن پلیٹ فارم کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پلیٹ فارم سے 2 کروڑ کے قریب مصنوعات فروخت کیلئے پیش کی گئی ہے اور ہر ماہ ایک کروڑ 50 لاکھ افراد ویب سائٹ پر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئی ٹی انڈسٹری کیلئے مختلف مراعات دینے کے نتیجہ میں ملک میں ای کامرس کی صنعت وسعت اختیار کر رہی ہے۔

دراز گروپ کے سی اسی او جارک میکلسن نے پالیسی سازی کے عمل میں ای کامرس کی صنعت کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی، ٹیکس اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے عمل کو آسان بنانے کیلئے اقدامات کی درخواست کی۔

وزیرخزانہ نے ملک میں ای کامرس کی صنعت کی بڑھوتری کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور دراز گروپ کو ایسے اقدامات اور تجاویز دینے کی ہدایت کی جس پر حکومت ای کامرس کی صنعت کے ساتھ مل کر اقدامات کر سکے، دراز کی ٹیم نے تعاون پر وزیرخزانہ کا شکریہ ادا کیا اور اس ضمن میں تجاویز جلد دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here