اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کمپنیوں کی جانب سے ایمپلائیز کنٹری بیوٹری فنڈز (انوسٹمنٹ ان لسٹڈ سیکورٹیز) ریگولیشنز 2018ء کے تحت ششماہی گوشوارے جمع کروانے کے لئے آن لائن فائلنگ کی سہولت متعارف کرا دی۔
ترجمان ایس ای سی پی کے مطابق ایمپلائیز کنٹری بیوٹری فنڈز کے ریٹرن کی آن لائن فائلنگ کی سہولت کا آغاز ایس ای سی پی کی ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور کاروبار ی آسانیوں کے لئے کی جانے والی اصلاحات کا تسلسل ہے۔
آن لائن فائلنگ کی سہولت سے کمپنیوں کے لئے ریٹرن کی فائلنگ آسان ہو جائے گی جبکہ ایس ای سی پی کے لئے کنٹری بیوٹری فنڈز کے ریکارڈ اور ڈیٹا کی مینجمنٹ آسان ہو گی۔
ترجمان کے مطابق آن لائن فائلنگ ایس ای سی پی کی ای سروسز کے ذریعے پہلے سے جاری کئے گئے یوزر آئی ڈی کے ساتھ ای سروسز میں لاگ اِن ہو کر کی جا سکتی ہے۔ ای سروسز میں پروسیس لسٹنگ کے صفحہ پر ایمپلائز کنٹری بیوٹری فنڈ کے ریٹرن کی آن لائن فائلنگ کا پراسس شامل کر دیا گیا ہے۔