پشاور: خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے صوبے کی ترقی کیلئے 34 ارب 14 کروڑ 19 لاکھ روپے کی 14 سکیموں کی منظوری دیدی۔
یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شکیل قادر خان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے 17 سکیموں بشمول بلدیات، شہری ترقی، صنعت، اعلیٰ تعلیم، ابتدائی و ثانوی تعلیم، آبی وسائل، سماجی بہبود اور داخلہ امور کے شعبوں پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا جن میں 14 سکیموں کو منظور کیا گیا جبکہ تین سکیموں کو غیر موزوں ڈیزائن کی بنا پر موخر کر کے مزید اصلاح کیلئے متعلقہ محکموں کو بھیج دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
خیبرپختونخوا: خدمات پر سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی شروع کرنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت کا کرپٹو مائننگ کا آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ
سیاحت کے فروغ کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے تین سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دیدی
خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے محکمہ بلدیات میں دیر لوئر میں تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دی۔ اربن ڈویلپمنٹ کے شعبے میں پشاور بیوٹی فکیشن (فیز ٹو) کے تحت صوبائی دارالحکومت میں موٹروے این فائیو، جی ٹی روڈ، جمرود روڈ، رنگ روڈ اور دیگر سڑکوں کی گرین بیلٹس پر لینڈ سکیپنگ، اربن فارسٹری اور شجرکاری کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبے میں کوہاٹ ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت ضمیر گل ڈیم کی مرکزی نہر تا ملحقہ دیہات تک واٹر چینل کی تعمیر، جنوبی وزیرستان کیلئے سپیشل انٹی گریٹڈ ایریا ڈویلپمنٹ پیکج، ضلع ہنگو میں 13 کلومیٹر ہنگو ٹل روڈ تا سرارے انار چینہ خٹک بانڈہ روڈ کی بہتری و بحالی کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح ضم شدہ قبائلی اضلاع میں لینڈ ریکارڈ کی سٹیلمنٹ اور ڈیجیٹلائزیشن اور تحصیل ٹل ضلع ہنگو میں دس کلومیٹر دو آبہ تا کربوغہ سڑک کی بہتری و بحالی کی منظوری دی گئی۔
پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں صنعت کے شعبے میں ایس آئی ای پشاور ٹو کا قیام (اراضی کی خریداری) اور آبی وسائل کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں 20 چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت 11 ڈیموں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
سماجی بہبود کے شعبے میں جینڈر مین سٹریمنگ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام اور امورِ داخلہ کے شعبے میں شاہ کس ضلع خیبر میں لیوی ٹریننگ سنٹر کے قیام کی منظوری دی گئی۔