خیبرپختونخوا میں تعلیم و صحت کی بہتری کیلئے عالمی بینک 400 ملین ڈالر امداد دیگا

442

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے عالمی بینک 400 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا اور اس حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

جمعہ کو معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی اور سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا کہ وفاقی حکومت تعلیم اور صحت جیسی بنیادی ضروریات کو بہتر بنانے کیلئے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، عالمی بینک کی معاونت سے خیبرپختونخوا میں تعلیم و صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

خیبرپختونخوا: 41 ارب روپے مالیت کے 38 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

خیبرپختونخوا: خدمات پر سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی شروع کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحت و تعلیم کے بجٹ اور پروکیورمنٹ منیجمنٹ سسٹم  کی بہتری کیلئے سپیڈ پروگرام مددگار ثابت ہو گا۔

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کو مالیاتی اور تکنیکی تعاون کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ عالمی بینک کے انتظامی بورڈ نے گزشتہ ہفتہ خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیمی خدمات میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے 40 کروڑ ڈالر کی معاونت کی منظوری دی تھی۔

یہ معاونت انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ سپیڈ پروگرام سے صوبائی حکومت کو صحت اور تعلیمی خدمات کے شعبوں میں انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here