اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے خبردار کیا ہے کہ لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی زائد قیمتیں چارج کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے ایک بیان میں ایل پی جی صارفین کو گیس سے بھرے ہوئے سیلنڈر کا وزن چیک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سلینڈر پر اس کا وزن درج ہوتا ہے صارفین کو چاہیے کہ وہ پہلے خالی سیلنڈر کا وزن کریں اور پھر اس میں بھری گیس کو مائنس کرکے اس کا اصل وزن چیک کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ڈسٹریبیوٹرز کو ‘درست وزن چیکنگ کے ترازو سکیل’ رکھنے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ کمپنیوں اور ڈسٹریبیوٹرز یہ یقینی بنائیں کہ ایل پی سیلنڈرز پر واضح اور پڑھنے کے قابل نشان لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنی یا ڈسٹریبیوٹرز ایل پی جی کم بھرنے یا زائد قیمتیں وصول کرتی پائی گئی تو اس صورت میں اس کے ساتھ ایل پی جی رولز 2001ء کے رولز 18، 19 اور 29 کے تحت نمٹا جائے گا۔