لاہور: پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کاروں کی فروخت میں اپریل 2023 میں تقریباً 84.73 فیصد سالانہ کی بڑی کمی دیکھی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 18 ہزار 626 یونٹس کے مقابلے میں 2 ہزار 844 یونٹس تک گر گئی۔
کاروں کی فروخت میں تیزی سے ہونے والی کمی کی وجہ بلند شرح سود، ریگولیٹرز کی طرف سے آٹو درآمدات پر پابندیوں اور قیمتوں میں اضافہ جیسے عوامل شامل ہیں۔ ماہانہ بنیادوں پر مارچ میں فروخت ہونے والی 7 ہزار 201 کاروں کے مقابلے میں اپریل میں فروخت ہونے والی کاروں کی تعداد 60.51 فیصد کم رہی۔
اپریل 2023 میں مسافر کاروں کی کل پیداوار 3 ہزار 740 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو اپریل 2022 میں 18 ہزار 225 یونٹس کے مقابلے میں 79.51 فیصد کم ہے، ماہانہ بنیادوں پر پیداوار 6 ہزار 11 یونٹس کے مقابلے میں 37.78 فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے:
ایگری آٹو انڈسٹریز کا چوتھی بار پیداواری عمل جزوی بند کرنے کا اعلان
یوسف دیوان کمپنیز کا آٹوموٹیو وِنگ مسلسل خسارے میں
پاکستان کی موبائل سازی کی صنعت 15 ارب ڈالر کی برآمدات کر پائے گی یا اس کا حال بھی آٹو انڈسٹری جیسا ہو گا؟
دوسری جانب رواں مالی سال 2022-23ء کے پہلے دس ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران کاروں کی فروخت گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 53.66 فیصد کم رہی۔ دس ماہ میں پاما کے ساتھ رجسٹرڈ تمام کمپنیوں نے 88 ہزار 620 یونٹس فروخت کیے۔
اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران کاروں کی پیداوار میں بھی 50.51 فیصد کمی ہوئی، اس مدت میں 91 ہزار 560 یونٹس تیار کیے گئے۔
پاما کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہزار سی سی گاڑیوں کی فروخت میں 71.37 فیصد ماہانہ اور 69.79 فیصد سالانہ کمی دیکھی گئی۔ سوزوکی کلٹس کی فروخت 67.01 فیصد سالانہ کم ہوئی اور اس کے 6 ہزار 410 یونٹس فروخت ہو سکے۔ سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں 72.67 فیصد کمی واقع ہوئی۔ سوزوکی سوئفٹ کو گزشتہ ماہ کے 877 یونٹس کے مقابلے میں اپریل میں محض 145 یونٹس کی فروخت کے ساتھ 83.47 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
مالی سال 2023 کے دس مہینوں میں ٹرکوں کی فروخت 39.71 فیصد سالانہ کم ہو کر 2 ہزار 961 یونٹس ہو گئی۔
1300 سی سی یا اس سے بڑی گاڑیوں کی فروخت بھی اپریل 2023ء میں 50.83 فیصد سالانہ اور 45.59 فیصد ماہانہ بنیادوں پر کم رہی۔ اٹلس ہونڈا کی فروخت 6 فیصد ماہانہ اور 19فیصد سالانہ کم ہوئی اور اس کے مجموعی طور پر فروخت ہونے والے یونٹس کی تعداد تقریباََ 85 ہزار رہی۔