کراچی: بی آر آر گارڈین لمیٹڈ نے بی آر آر گارڈین مضاربہ میں انضمام (merger) کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے انضمام کی منظوری دینے کے فیصلے کے بعد کیا گیا۔ دونوں کمپنیوں کے ارکان اور سرٹیفکیٹ ہولڈرز نے عدالت کی اجازت سے انضمام پر اتفاق کیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مراسلے کے ساتھ عدالتی خط بھی منسلک تھا جس میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ انضمام کی منظوری کے لیے تمام قانونی تقاضوں کی دونوں درخواست گزاروں کی طرف سے تعمیل کی گئی ہے۔ رجسٹرار مضاربہ نے بھی سکیم کی منظوری کے لیے اپنی رضا مندی دی ہے۔ عدالت نے تسلیم کیا کہ چونکہ تمام پارٹیوں کے ارکان اور سرٹیفکیٹ ہولڈرز نے متفقہ طور پر مجوزہ انضمام کی منظوری دی ہے اور سکیم کی منظوری میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے بھی درخواست منظور کرتے ہوئے انضمام کی اجازت دے دی۔
بی آر آر انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ (BRRI) کی تشکیل 1983ء میں عمل میں آئی جس کا مقصد پاکستان میں لیز پر سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔ کمپنی نے 1985ء اور 1990ء میں دو مضاربہ متعارف کروائے تھے۔ مضاربہ اسلامی مالیاتی نظام کے بنیادی ضابطوں میں سے ایک ہے۔
بی آر آر آئی ایکویٹی انٹرنیشنل مضاربہ (ElM) کا بھی سپانسر تھا جس کا آغاز 1993ء میں ہوا تھا۔ بعد میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے 1999ء میں ایکویٹی پارٹنر کے طور پر شمولیت اختیار کی۔ 1998ء میں بی آر آر دوسرا مضاربہ اور ایکویٹی انٹرنیشنل مضاربہ بی آر آر کیپٹل مضاربہ میں ضم ہو گئے اور اس کا نام بدل کر بی آر آر انٹرنیشنل مضاربہ رکھا گیا۔ 2006ء میں انٹرنیشنل مضاربہ اور 2017ء میں کریسنٹ سٹینڈرڈ مضاربہ آپس میں ضم ہو گئے۔ اس انضمام کے نتیجے میں بی آر آر گارڈین مضاربہ کا ادا شدہ فنڈ بڑھ کر 86 کروڑ 36 لاکھ روپے ہو گیا۔ یہ ایکویٹی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا مضاربہ ہے۔
کمپنی کا مقصد شرعی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اسلامی مالیاتی مصنوعات کو متعارف کرانا ہے۔ دریں اثنا اس کا مقصد انٹرنیٹ پر مبنی مالیاتی نظاموں کا مقابلہ کرنا ہے۔ کمپنی اسلامی فنانسنگ کے مختلف طریقوں کو فروغ دینے کے لیے کام کرتی ہے اور سٹیک ہولڈرز کو شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
بنیادی طور پر کمپنی کے اہم کاروبار میں اجارا کے ذریعے اثاثوں کو لیز پر دینا شامل ہے جبکہ مشارکہ اور مرابحہ میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ جائیدادوں، ایکویٹی اور قرض کی ضمانتوں کے لیے فنڈز مختص کرنا شامل ہے۔ یہ بی آر آر سکیورٹی والٹ کے نام سے معروف ادارے کے تحت انتظامی خدمات پیش کرتا ہے۔