کراچی: پاکستانی کمپنی ڈیسکون آکسی کیم لمیٹڈ (Descon Oxychem) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو مطلع کیا ہے کہ اس نے حال ہی میں حامریہ فری زون شارجہ میں ’’ڈیسکون آکسی کیم ایف زیڈ ای‘‘ کے نام ایک ذیلی کمپنی رجسٹر کرائی ہے۔
سٹاک مارکیٹ کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ذیلی کمپنی ’’ڈیسکون آکسی کیم لمیٹڈ‘‘ کی مکمل ملکیتی کمپنی ہے جو سکیورٹیز ایکٹ 2015ء اور پی ایس ایکس کے متعلقہ قوانین کو مدِنظر رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں رجسٹر کرائی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد بیرون ملک ڈیسکون آکسی کیم کی مصنوعات کی فروخت اور تشہیر کرنا ہے۔
ڈیسکون کا آغاز 41 سال قبل لاہور کے واپڈا ہائوس میں 500 مربع گز کے ایک دفتر سے اِس مقصد کے ساتھ کیا گیا تھا کہ ایک دن یہ پاکستان کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہو گی۔ اَب یہ واقعی بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے اور اس کا کاروبار تیل و گیس، سیمنٹ سازی، ڈیم اور بیراج بنانے، کھاد سازی، بجلی اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے، چینی بنانے اور پیٹروکیمکلز سمیت کئی شعبوں تک وسیع ہو چکا ہے۔
اگرچہ ڈیسکون کا آغاز انجنئرنگ کمپنی کے طور پر ہوا تھا تاہم یہ پاکستان تک محدود نہیں رہی اور سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک، عراق، جنوبی افریقہ اور کینیا میں بھی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ڈیسکون کی مصنوعات کی مارکیٹنگ اور فروخت کے لیے مرکز قائم کرنا کمپنی کا پہلا وسعت پسندانہ فیصلہ نہیں بلکہ یہ اپنی حالیہ ذیلی کمپنی ’’ڈیسکون آکسی کیم ایف زیڈ ای‘‘ کی طرح مسلسل اپنی رسائی کو متنوع بنا رہی ہے اور نئی صنعتوں تک رسائی حاصل کر رہی ہے۔
گزشتہ سال ڈیسکون گروپ نے پانی صاف کرنے، فِن ٹیک، ادویہ سازی، بینکاری اور زراعت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اِن میں سب سے نمایاں سرمایہ کاری زرعی شعبے میں ہے جسے زیادہ تر بڑی پاکستانی کمپنیاں سرمایہ کاری کے قابل ہی نہیں سمجھتیں۔ کمپنی نے یہ سرمایہ کاری مارچ 2022ء میں دو زرعی کمپنیوں وائٹل ایگری نیوٹری اینٹس (Vital Agri Nutrients) اور وائٹل گرین کے حصص خرید کر کی تھی۔
مذکورہ دونوں کمپنیاں کسانوں کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے کام کرتی ہیں۔ وائٹل گرین نے کسانوں کو آسان قرضے فراہم کرنے کیلئے فنکا بینک کے ساتھ اشتراک کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیسکون کی جانب سے زراعت کے جدید طریقوں اور ایجادات کی آزمائش اور ان پر مزید تحقیق کیلئے قصور کے نزدیک 100 ایکڑ پر محیط ’’ڈیسکون ریسرچ فارمز‘‘ قائم کیے گئے ہیں۔