سوڈا ایش مینوفیکچرنگ میں مسابقت بڑھنے لگی، سفائر کیمیکلز کا نیا پلانٹ لگانے کا اعلان

657
Competition heats up in soda ash manufacturing industry

کراچی: سیفائر ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے کمپنی سیکرٹری نے 27 اپریل 2023ء کو ایک خط میں سیکیورٹیز ایکٹ 2015ء کے سیکشن 96 اور پی ایس ایکس ریگولیشنز کی شق 5.6.1 (اے) کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو اہم معلومات دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ سیفائر کیمیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ 22 لاکھ ٹن سالانہ صلاحیت کا حامل سوڈا ایش مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھا ہے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ سیفائر کیمیکلز لمیٹڈ کیمیائی مصنوعات کی تمام اقسام کی تیاری، صفائی، تبدیلی، خرید و فروخت اور درآمد و برآمد کے معاملات میں مہارت رکھتی ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مجوزہ پروجیکٹ کی سیفائر کیمیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری بھی دے دی ہے۔ اس منصوبے سے کمپنی کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہو گا اور کیمیکل انڈسٹری کو بھی مزید فروغ ملے گا۔

کمپنی نے درخواست کی ہے کہ یہ معلومات مسابقتی کمیشن کے ارکان کو بروقت اور موثر انداز میں پہنچائی جائیں۔

سوڈا ایش کیا ہے؟

سوڈا ایش یا سوڈیم کاربونیٹ ایک کمزور بیس ہے جو پانی میں حل ہو جاتا ہے اور محلول میں سوڈیم (Na) اور کاربونیٹ (CO3) آئنوں کی شکل میں الگ الگ ہو جاتا ہے۔ اپنی مضبوط الکلائن خصوصیات کی وجہ سے سوڈا ایش ڈیٹرجنٹ پاؤڈر اور صابن کی تیاری میں اہم ترین جزو کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ یہ ڈیٹرجنٹ کی حل ہونے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ اسے داغ مٹانے کے قابل بناتا ہے جبکہ پانی کی ضرورت کو بھی کم کرتا ہے۔

صابن سازی کی صنعت کے علاوہ سوڈا ایش کا بنیادی مصرف شیشے اور سوڈیم سلیکیٹ کی صنعتوں میں ہوتا ہے۔ عام نمک (چٹان یا سمندر) اور چونا پتھر سوڈا ایش کی تیاری میں استعمال ہونے والے اہم خام مال ہیں اور پاکستان میں آسانی سے دستیاب بھی ہیں۔ اس لیے پاکستان سوڈا ایش درآمد نہیں کرتا۔ قدرتی گیس اور امونیا کے مقامی ذرائع مینوفیکچرنگ کے عمل میں استعمال ہوتے ہیں۔

پاکستان میں اس وقت سوڈا ایش کے مینوفیکچررز کون ہیں؟

ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق ستمبر 2018ء میں پاکستان میں سوڈا ایش کی پیداوار 46.011 ٹن تھی جو اس سے ایک ماہ قبل اگست کی 43.341 ٹن پیداوار کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ مارچ 2018ء میں سب سے زیادہ پیداوار47.544 ٹن جبکہ سب سے کم پیداوار فروری 2002ء میں 14.694 ٹن بتائی گئی۔

تاہم پاکستان میں سوڈا ایش بنانے والے ادارے زیادہ نہیں ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صرف چند ہی اس کی پیداوار پر اجارہ داری رکھتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں سوڈا ایش اور سوڈیم بائی کاربونیٹ فراہم کرنے والوں میں لکی کور انڈسٹریز سرفہرست ہے جس نے اپنی مصنوعات کو متحدہ عرب امارات، سری لنکا، سعودی عرب، قطر، بنگلہ دیش، تنزانیہ اور افغانستان سمیت دیگر ممالک میں اپنے کلائنٹس بنا لیے ہیں ۔

سیفائر کیمیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ جیسے نئے پلیئرز کے میدان میں آنے سے یہ صنعت سوڈا ایش کی برآمد کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here