1.2 ارب ڈالر موخر ادائیگیوں پر سعودی تیل فراہمی کی مدت میں 2024ء تک توسیع

419
KSA extends $1.2b deferred oil payment facility till Feb 2024

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کیلئے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی موخر ادائیگیوں پر تیل فراہمی کی مدت میں فروری 2024ء تک توسیع کر دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل خریدنے کی سہولت مارچ 2023ء سے فروری 2024ء تک ہو گی۔ یہ منظوری سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) کی جانب سے دی گئی ہے۔

فروری 2019ء میں پہلی بار اقتصادی امور ڈویژن اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے درمیان موخر ادائیگیوں پر خام تیل اور ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی پاکستان کو فراہمی کیلئے معاہدہ ہوا تھا۔ موخر ادائیگیوں کی مدت رواں ماہ اختتام پذیر ہو رہی تھی اس لیے حکومت پاکستان نے سعودی عرب سے یہ مدت بڑھانے کی استدعا کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: آرامکو جس نے سعودی عرب کی قسمت بدل دی

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معاہدے کے پہلے سال 76 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور دوسرے سال ایک ارب 11 کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کیا تھا جبکہ ہر سال موخر ادائیگیوں پر 5 کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کیا جا رہا ہے۔

اس معاہدے کے تحت سعودی حکومت نے آرامکو اور سعودی آرامکو پروڈکٹس ٹریڈنگ کمپنی کو خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات برآمد کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے جبکہ پاکستان میں پاک عرب ریفائنری اور نیشنل ریفائنری کو درآمد کرنے کا اختیار سونپا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق موخر ادائیگیوں پر تیل خریداری معاہدے کی مدت کے دوران ایکسچینج ریٹ میں فرق کا سارا بوجھ پاکستانی حکومت برداشت کرنے کی ذمہ دار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان روس سے بھی تیل درآمد کرنے کیلئے بات چیت کر رہا ہے اور روسی تیل کا پہلا کارگو رواں ماہ پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here