اسلام آباد: کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے تمام وزارتوں کے پرنسپل اکائونٹنگ آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزارتوں کے بجٹ سے 15 فیصد کٹوتی کریں۔
کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں ہوا جس میں سیکرٹری فنانس نے کفایت شعاری کے حوالے سے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ وزارتیں سادگی اپنانے کیلئے پہلے ہی اقدامات کر رہی ہیں۔ حالیہ فیصلوں کی فوری تعمیل کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اخراجات میں کمی کر کے 200 ارب کی بچت کیلئے کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت اعلیٰ سرکاری افسران کی مراعات میں کمی لائی گئی ہے۔
کفایت شعاری مہم کی نگرانی کیلئے سات رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو سرکاری محکموں میں عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔
مذکورہ کمیٹی نے وزارتوں کو موجودہ بجٹ میں 15 فیصد کٹوتی کی ہدایت کے ساتھ اخراجات میں کمی لانے اور وقت کا ضیاع روکنے کیلئے سرکاری اجلاس آن لائن منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ ارکان اور سرکاری افسران سے لگژری گاڑیاں واپس لینے کے فیصلے پر بلاامتیاز عمل کیا جائے گا اور کسی کو استثنیٰ نہیں ملے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال واضح کرتے ہوئے کفایت شعاری مہم پر بلاتفریق عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔