کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کو مل کر چلنا ہو گا، وزیراعظم

شہر قائد میں دو سالوں میں پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، مراد علی شاہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے کا دوبارہ جائزہ لیں، اس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، عمران خان کا کے سی آر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

179
پی آئی ڈی

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سیاسی اختلافات کے باوجود مل کر چلنا ہو گا۔

سوموار کو وزیراعظم عمران خان نے کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ، وفاقی وزراء فواد چوہدری، سید علی زیدی، اسد عمر اور اعظم سواتی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام بڑے ملکوں کی ترقی میں کوئی ایک بڑا شہر ہی قیادت کرتا نظر آتا ہے، کراچی کی اہمیت بھی اسی طرح ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں جب کراچی ترقی کی جانب گامزن ہوا تو انتشار کا شکار ہو گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہر قائد کی ترقی کے لئے ٹرانسفارمیشن پلان بنایا ہے، وفاقی و صوبائی حکومت نے کراچی کو اوپر اٹھانے کے لئے مل کر فیصلے کئے، کراچی کی ترقی صرف کراچی کے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لئے فائدہ مند ہو گی، یہ ایسا شہر ہے جہاں ساری دنیا سے سرمایہ کاری آ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ایکنک نے کراچی سرکلر ریلوے کیلئے مزید 20 ارب روپے کی منظوری دیدی

عمران خان نے کہا کہ کے سی آر سارے کراچی کو ملائے گی جس سے شاہراہوں پر ٹریفک کا دباﺅ کم ہو گا۔ گرین لائن بس سروس بھی پبلک ٹرانسپورٹ کا سستا اور اہم ترین منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا دوسرا بڑا مسئلہ پانی کی فراہمی کا ہے، اس حوالے سے چیئرمین واپڈا سے بات کی ہے، دو سال کے اندر کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود اور ملک کی خاطر کراچی کے مسائل کے حل کے لئے وفاق اور سندھ حکومت کو مل کر چلنا ہو گا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ بنڈل آئی لینڈ کے منصوبے کا دوبارہ جائزہ لیں، اس منصوبے سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہروں کے بے ہنگم پھیلاﺅ سے مختلف قسم کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور کسی بھی شہر کا انتظام چلانا اور سہولیات فراہم کرنا مشکل ہو جاتا ہے، لاہور کو بچانے کے لئے جس طرح راوی سٹی بنا رہے ہیں اسی طرح کراچی میں بھی منصوبوں کی ضرورت ہے۔ ابھی سے مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کرنا ہو گی ورنہ کوئی بھی حکومت مستقبل میں مسائل سے نمٹنے کے قابل نہیں ہو گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے میں غیرملکی سرمایہ کار اور سمندر پار پاکستانی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں، ملک کو اس سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں سے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کے لئے کوشیں جاری تھیں اب یہ روبہ عمل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے جن پانچ بڑے منصوبوں کی ذمہ داری لی تھی سب پر پیشرفت ہو رہی ہے، کراچی میں تین بڑے نالوں سے 11 لاکھ ٹن کچرا نکالا گیا۔ 54 کلومیٹر سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ فریٹ کوریڈور کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائے گا جبکہ وزیراعظم نومبر میں گرین لائن بس سروس کا افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کی معاشی و اقتصادی اہمیت مسلمہ ہے، موجودہ حکومت نے ریلوے کے تاریخی منصوبے شروع کئے ہیں، 50 سالوں سے ریلوے خسارہ میں تھی چند ماہ کے اندر اسے ایک منافع بخش ادارہ بنا دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں جدید سرکلر ریلوے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، یہ منصوبہ 207 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here