پنجاب حکومت نے فیصل آباد میں جدید ترین ایکسپو سنٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

یہ ایکسپو سنٹر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں جگہ پہلے ہی مختص کر دی گئی ہے

247
ایکسپو سینٹر، فیصل آباد/ انٹرنیٹ

فیصل آباد: پنجاب حکومت نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے زیر اہتمام سرکاری و نجی شراکت داری سے قائم ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سنٹر کا بنیاد رکھ دیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ہفتہ کو ایکسپو سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھر پور توجہ معاشی بحالی پر ہے اور اس مقصد کیلئے برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے پر امن تشخص کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے باوجود حکومت کی صنعت دوست پالیسیوں کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا جبکہ نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی بہترین مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں جن کی برآمدات بڑھانے کیلئے نئے رجحانات کے مطابق معیاری مصنوعات کی تیاری پر توجہ دی جائے گی تاکہ عالمی منڈیوں میں ان مصنوعات کی بہتر قیمت مل سکے۔

میاں اسلم اقبال نے نئی منڈیاں تلاش کرنے کے علاوہ غیر روایتی مصنوعات کی برآمد پر بھی زور دیا اور کہا کہ مجوزہ ایکسپو سنٹر فیصل آباد کی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایکسپو سنٹر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں جگہ پہلے ہی مختص کر دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاوہ علامہ اقبال سپیشل اکنامک زون کی جلد آباد کاری کیلئے بھی ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے صنعت کاروں کی سہولت کیلئے انڈسٹریل سہولت لائونج کا بھی افتتاح کیا اور اس سلسلہ میں صدر ایف سی سی آئی احتشام جاوید کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور صدر فیصل آباد میں صنعتی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور توقع ہے کہ فیڈمک ان کی خداداد صلاحیتوں سے مزید فائدہ اٹھائے گا۔

اس موقع پر صدر ایف سی سی آئی احتشام جاوید نے ایکسپو سنٹر کے بارے میں بتایا کہ اس کی جلد تعمیر شروع کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ اس کام کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کر لیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here