اسلام آباد: پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54.92 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جاری مالی سال میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا مجموعی حجم 29 کروڑ 80 لاکھ 20 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 19 کروڑ 23 لاکھ 70 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں اٹلی کو برآمدات سے پاکستان کو 16 کروڑ دو لاکھ 20 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54.62 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی دو ماہ کے دوران اٹلی کو برآمدات سے پاکستان کو 10 کروڑ 36 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اگست 2021ء میں اٹلی کو سات کروڑ دو لاکھ 50 ہزار ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو اگست 2020ء کے چار کروڑ 85 لاکھ 40 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 44.72 فیصد زیادہ ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں اٹلی سے درآمدات کا حجم 13 کروڑ 78 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 55.26 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال کی اسی مدت میں اٹلی سے 8 کروڑ 87 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
اگست 2021ء میں اٹلی سے درآمدات پر چار کروڑ 99 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سال اگست کے تین کروڑ 85 لاکھ 10 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 29.57 فیصد زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ مالی سال 2021ء میں اٹلی کو پاکستانی برآمدات کا حجم 77 کروڑ 34 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اس دوران اٹلی سے مجموعی درآمدات کا حجم 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا تھا۔