لاہور میں چینی کمپنی کے 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے شروع ہونے والے ٹیکسٹائل پارک کا افتتاح

ملک ترقی کی راہ پر گامزن، بیرونی سرمایہ کاری سے نئے صنعتی زون بن رہے ہیں، صدر عارف علوی کا چینی سرمایہ کاری سے قائم چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کے دورہ پر خطاب

935
لاہور: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی چین کی چیلنج ٹیکسٹائل کی جانب سے 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے قائم کیے گئے ٹیکسٹائل پارک کا افتتاح کر رہے ہیں (پی آئی ڈی)

لاہور: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی دارلحکومت میں چینی کمپنی کی جانب سے 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے قائم کیے گئے ٹیکسٹائل پارک کا افتتاح کر دیا۔

صدر مملکت نے لاہور میں چینی سرمایہ کاری سے قائم چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کا دورہ کیا جہاں انہیں چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کی مینجنگ ڈائریکٹر کیرن چِن اور پاکستانی تاجر قمر خان بوبی نے سرمایہ کاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو چیلنج ٹیکسٹائل جیسی سرمایہ کاری کی مزید ضرورت ہے، پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر صورت تحفظ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر ہمیں فخر ہے اور چینی سرمایہ کاری سے ملک صنعتی انقلاب کی طرف جا رہا ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی حالیہ وبا سے پوری دنیا متاثر ہوئی مگر پاکستان اس کو بڑی حد تک روکنے میں کامیاب رہا جبکہ اس کے خلاف ویکسین تیار کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مائیکروفنانس اور کوویڈ۔19 کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حکومتی کامیابیوں کا تسلسل ہے، اقتصادی طور پر کسی بھی ملک کو تنہا نہیں کیا جا سکتا اور دنیا کو اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان میں آئیں، سرمایہ کاری کریں اور دنیا کو مثبت پیغام دیں، اقتصادی مسائل کے حل کے لیے تیز ترین رابطوں کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہت تیز ہو چکی ہے۔

عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جا رہے ہیں، اکنامک زونز لگنے سے نہ صرف نئی انڈسٹری لگے گی بلکہ لوگوں کو وسیع پیمانے پر روزگار بھی ملے گا اور انشاءاللہ آنے والے دن پاکستان کے لیے اچھے ثابت ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here