اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ کورین کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس کراچی میں ٹی وی لائن اَپ پلانٹ قائم کرے گی۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں مشیر تجارت عبدالرازاق داؤد نے کہا کہ سام سنگ الیکٹرانکس کراچی میں ٹی وی لائن اپ پلانٹ قائم کر رہا ہے، یہ پلانٹ 2021ء کی چوتھی سہ ماہی میں فعال ہو جائے گا۔
I have been informed that Samsung Electronics is in the process of establishing their TV line-up plant in collaboration with the R&R Industries at Karachi. It will become functional in Q4 of 2021 and is expected to produce 50,000 units annually.
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) September 22, 2021
انہوں نے کہا کہ اس پلانٹ کے فعال ہونے کے بعد 50 ہزار یونٹ کی سالانہ پیداوار ہو گی، وزارت تجارت کی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے میک اِن پاکستان پالیسی کی بدولت یہ ممکن ہوا ہے، حکومت نے اِن پٹ اخراجات، صنعتی شعبے کی ریشنلائزیشن اور دیگر مراعات دی ہیں۔
اس سے قبل جولائی میں یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ سام سنگ کا موبائل فونز کی مقامی سطح پر تیاری کیلئے پاکستانی کمپنی لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق اس حوالے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجھے گئے ایک نوٹس میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ (ایل سی ایل) نے کہا تھا کہ اس کی ذیلی کمپنی لکی موٹر کارپوریشن نے موبائل فونز کی تیاری کیلئے ضروری اقدامات کیلئے مختلف محکموں سے منظوری لینے کا آغاز کر دیا ہے۔
لکی موٹر کارپوریشن کی جانب کہا گیا تھا کہ سام سنگ کے موبائل فونز کی پیداواری سہولت رواں سال دسمبر کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے اور یہ پیداواری یونٹ ایل ایم سی کے موجودہ پلانٹ میں واقع ہو گی جہاں خصوصی اقتصادی زون بن قاسم انڈسٹریل پارک میں گاڑیاں تیار کی جا رہی ہیں۔