دو ماہ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 28.67 فیصد اضافہ ریکارڈ

جولائی اور  اگست 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی مجموعی برآمدات کا حجم دو ارب 93 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی اور اگست 2020ء میں دو ارب 28 کروڑ ڈالر تھا: پی بی ایس

1884

اسلام آباد: رواں مالی سال 2021-22ء کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 28.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور  اگست 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی مجموعی برآمدات کا حجم دو ارب 93 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی اگست 2020ء میں دو ارب 28 کروڑ ڈالر تھا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں پاکستان سے ریڈ میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں مالیت کے لحاظ سے 22.57 فیصد اور بالحاظ وزن 21.63 فیصد اضافہ ہوا، نٹ وئیر کی برآمدات میں بالحاظ مالیت 34.12 فیصد اور بالحاظ وزن 14.22 فیصد اضافہ ہوا۔

بیڈ وئیرز کی برآمدات میں بالحاظ مالیت 24.50 فیصد اضافہ ہوا مگر بالحاظ وزن ان میں 23.06 فیصد کمی ہوئی، تولیے کی برآمدات میں بالحاظ مالیت 20.67 فیصد اور بالحاظ وزن 14.59 فیصد اضافہ ہوا، سوتی کپڑوں کی برآمدات میں بالحاظ مالیت 24.74 فیصد اضافہ ہوا لیکن بالحاظ مقدار 76.51 فیصد کمی دیکھی گئی۔

جولائی اور اگست 2021ء میں سوتی دھاگے کی برآمد میں 67.97 فیصد اضافہ ہوا جبکہ غیرسوتی دھاگے کی برآمد 123 فیصد بڑھی، اس دوران خام کپاس کی برآمد نا ہونے کے برابر رہی، خیموں اور ترپالوں کی برآمدات میں 37.19 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد میں 160.5 فیصد کا نمایاں دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں جدت اور توسیع کا عمل تیز ہو چکا ہے اور یہ صنعت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ٹیکسٹائل انڈسٹری نے مقامی طور پر کپاس کی پیداوار میں کمی کو پورا کرنے کیلئے جولائی اور اگست 2021ء کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ دو ہزار 408 ٹن خام کپاس درآمد کی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی 74 ہزار 799 ٹن خام کپاس کی درآمد سے 36.91 فیصد کم ہے۔

اسی طرح سنتھیٹک فائبر کی درآمد میں 17.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رواں مالی سال کے دو ماہ کے دوران 91 ہزار 118 ٹن سنتھیٹک فائبر درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 77 ہزار 701 ٹن سنتھیٹک فائبر باہر سے منگوایا گیا تھا۔

جولائی اور اگست 2021ء میں ریشمی دھاگے کی درآمد میں بھی 48.95 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 78 ہزار 59 ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 52 ہزار 406 ٹن ریشمی دھاگا درآمد کیا گیا تھا۔

رواں مالی سال کے دو ماہ کے دوران پاکستان نے ایک لاکھ 86 ہزار 299 ٹن استعمال شدہ کپڑے درآمد کیے، یہ حجم گزشتہ سال کی 48 ہزار 644 ٹن درآمدات کے مقابلے میں 282 فیصد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 2021-22ء کے دو ماہ کے دوران مجموعی قومی برآمدات چار ارب 58 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تین ارب 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 27.98 فیصد زیادہ ہیں۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی امریکا اور یورپی ممالک میں کورونا وائرس کی پابندیوں اور لاک ڈائون میں نرمی کی وجہ سے مارکیٹیں کھلنے سے خریدوفروخت میں اضافہ ہوا ہے اور یہی ممالک پاکستانی ٹیکسٹائل کے سب سے بڑے درآمد کنندہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here