کراچی: نیشنل فورم برائے صحت و ماحولیات کی جانب سے کراچی میں منعقدہ 18ویں سالانہ ایکسیلینس ایوارڈ میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ کو انوائرنمنٹ ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ یہ تقریب ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی بحالی پر مرکوز تھی۔ لکی سیمنٹ کو یہ ایوارڈ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار کاروباری اقدامات سے وابستگی اور کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
سالانہ انوائرنمنٹ ایکسلینس ایوارڈز پاکستان میں ماحولیات کے معیارات کا بینچ مارک ہیں۔ اس موقع پر لکی سیمنٹ لمیٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر امین گنی نے کہا کہ لکی سیمنٹ اپنے آپریشنز کو پائیدار اور ماحول دوست بنانے کے لئے پر عزم ہے، ہم قدرتی وسائل کے صحیح استعمال اور ان کے ضائع نہ ہونے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں جن کے استعمال نے کاربن کے اثرات کو کم کرنے اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے میں ہماری مدد کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بطور انڈسٹری لیڈر ماحول کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں اور ماحولیاتی تحفظ کے مختلف اقدامات بشمول شجر کاری اور پانی کے تحفظ کے طریقوں کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
امین گنی نے کہا کہ لکی سیمنٹ کی کاروباری حکمتِ عملی میں پائیدار ترقی کا اہم حصہ ہے اور یہ ان اہم عوامل میں سے ایک ہے جس نے کمپنی کو ترقی کے راستے کی طرف گامزن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور ایک ذمہ دار کمپنی لکی سیمنٹ کے پاس اپنے آپریشنز کے علاقوں میں معاشرے اور ان کمیونٹیز کی بہتری کیلئے مضبوط عزم کا ٹریک ریکارڈ ہے، کمپنی کے سی ایس آر اقدامات کی بنیادی توجہ تعلیم کے شعبے، خواتین کو بااختیار بنانے، صحت، ماحول اور مقامی کمیونٹیز کی ترقی پر مرکوز ہے۔
نیشنل فورم برائے صحت و ماحولیات ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جس کو 1999ء میں قائم کیا گیا تھا، اس کا مقصد عوام میں ماحولیاتی، صحت اور تعلیمی بیداری کی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔