پاکستان ریڈ لسٹ سے باہر، پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

1471

لاہور: پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالے جانے کے بعد قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے برطانیہ کیلئے چارٹرڈ پروازیں چلائے گی جو ایک چارٹرڈ کمپنی کے ذریعے اسلام آباد سے مانچسٹر اور لندن کیلئے اڑائی جائیں گی۔

برطانیہ نے کورونا وبا کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستان سمیت آٹھ ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، دیگر ممالک میں ترکی، بنگلہ دیش، مالدیپ اور اومان شامل ہیں۔

برطانوی سیکریٹری آف فار ٹرانسپورٹ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ گزشتہ پانچ ماہ ان افراد کیلئے کتنے مشکل تھے جو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تسلسل کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مکمل ویکسی نیشن کی صورت میں 4 اکتوبر کے بعد آپ کو برطانیہ میں داخلے کیلئے کورونا ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔‘

واضح رہے کہ اپریل 2021ء میں انڈیا میں ڈیلٹا ویرئنٹ کے کیسز سامنے آنے کے بعد برطانیہ نے اپنی ٹریول ایڈوائزری اَپ ڈیٹ کرتے ہوئے پاکستان سمیت کئی ملکوں کو ریڈ لسٹ میں شامل کرکے سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

تاہم بعد ازاں بھارت کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا تھا حالانکہ وہاں کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے ہزاروں ہلاکتیں   ہوئیں، اس پر برطانوی قانون سازوں نے اپنی حکومت کو بھرپور تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here