اسلام آباد: پاکستانی فری لانسرز کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے پورٹل کا افتتاح کر دیا گیا۔
وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے پورٹل کا افتتاح کیا۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں فری لانسنگ انڈسٹری بڑی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، فری لانسرز کے کام کے حوالے سے آگہی کے لئے ان کی رجسٹریشن ایک بڑا اقدام ہے۔
انہوں نے کہاکہ فری لانسرز کا آئی ٹی برآمدات کے اضافہ میں اہم کردار ہے، نیشنل فری لانسنگ فیسیلی ٹشن پالیسی تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر نے کہا فری لانسنگ انڈسٹری کی ترقی کا انحصار آئی ٹی ٹی پروفیشنلز پر ہے، پی ایس ای بی نے آئی ٹی پروفیشنلز اور ینگ گریجویٹس کے لئے بہت سے پروگرامز متعارف کرائے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔