کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے سابق سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ نصرت وہرہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے سندھ کے مطابق ملزم نیشنل بینک آف پاکستان میں ٹریژری مینجمنٹ گروپ (ٹی ایم جی) کے سربراہ کے طور پر تعینات تھا، ملزم نے دوران تعیناتی شیئرز کی غلط طریقے سے خرید وفروخت کی جس کی بطور سرکاری افسر اجازت نہیں تھی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنے اختیارات اور عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک ارب چوبیس کروڑ روپے سے زائد رقم ناجائز طریقے سے کمائی جس کے خلاف تحقیقات جاری تھیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم سے کئی بار اثاثوں اور جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئیں جن کا ملزم تسلی بخش جواب اور ثبوت دینے میں ناکام رہا، ملزم کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اور انسداد رشوت ستانی ایکٹ کے تحت مقدمہ الزام درج کرکے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔