فیصل آباد: پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) اور پاکستان ترکی بزنس فورم نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔
اس سلسلہ میں ایک تقریب سوموار کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوئی جس میں ایف سی سی آئی کے صدر احتشام جاوید اور پاکستان ترکی بزنس فورم کے صدر محمد فاروق افضل نے دستخط کئے۔
اس موقع پر مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کرتے ہوئے احتشام جاوید نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں لیکن ابھی تک دونوں ملک باہمی تجارتی صلاحیت سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے ذریعے دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو مستحکم بنایا جائے گا تاکہ وہ تجارت، تعلیم، صحت، سیاحت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھا سکیں۔
ایف سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں اور ان سے صرف براہ راست رابطوں کے ذریعے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تجارتی پوٹینشل کو اجاگر کرنے کیلئے ایف سی سی آئی اور پاکستان ترکی بزنس فورم باہمی مشاورت سے سیمینارز، سمپوزیم اور کانفرنسز کا بھی انعقاد کریں گے جبکہ تجارتی اور صنعتی وفود کے تبادلوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
احتشام جاوید کا مزید کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے درآمدی اور برآمدی پوٹینشل کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا جبکہ دونوں ادارے پاکستان اور ترکی کے سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی بھی ترغیب دیں گے، باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے باری باری پاکستان اور ترکی میں اجلاس ہوں گے جن میں اس مفاہمتی یادداشت کے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے روزمرہ کے معاملات کو نمٹایا جائے گا۔
اس موقع پر پاکستان ترکی بزنس فورم کے محمد فاروق افضل نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کی نئی راہیں کھلیں گی۔
آخر میں صدر انجینئرحافظ احتشام جاوید نے پاکستان ترکی بزنس فورم کے صدر محمد فاروق افضل کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ محمد فاروق افضل نے بھی انہیں فورم کا یادگاری نشان دیا۔