اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آگاہ کیا ہے کہ تعمیراتی شعبے کے لیے وزیراعظم پیکج کے تحت رجسٹرڈ منصوبوں کے لئے کل اعلانیہ سرمایہ کاری 493 ارب روپے ہے۔
ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تعمیراتی پیکج پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق کی زیر صدرات اجلاس منعقد ہوا، اس دوران ممبر آئی آر پالیسی نے آگاہ کیا کہ اب تک ایک ہزار 325 افراد نے ایف بی آر کے آن لائن سسٹم کے ذریعے 2 ہزار 125 منصوبوں میں اپنا اندراج کرایا ہے۔
ممبر آئی آر پالیسی نے اجلاس کو بتایا کہ مذکورہ رجسٹرڈ منصوبوں میں ایک ہزار 775 نئے منصوبے جبکہ 350 جاری منصوبے شامل ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق نے کہا کہ تعمیراتی پیکج پر پیش رفت کے بارے میں ہفتہ وار بنیادوں پر اَپ ڈیٹ کیا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی پیکج کے تحت رجسٹرڈ منصوبوں کو کاروبار میں آسانی کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ایف بی آر کے پالیسی ونگ کی طرف سے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے تعمیراتی پیکیج سے استفادہ کرنے والوں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی ہیں جس میں ایک فعال ویب پیج کا قیام، انکوائریز کو حل کرنے کے لیے فعال ای میل اور بلڈرز اور ڈویلپرز کے لیے آن لائن مرحلہ وار رہنمائی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ممکنہ خریداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے عمومی سوالات کا ایک جامع سیٹ تیار کیا گیا جو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ اس ریلیف پیکج کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے میڈیا مہمات کے ذریعے وسیع تشہیر بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ تعمیراتی شعبہ کا پیکیج گزشتہ سال 19 اپریل کو ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس 2020ء کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔ پیکیج کی نمایاں خصوصیات میں بلڈرز اور ڈویلپرز کے لیے فکسڈ ٹیکس ، تحقیقات سے استثنیٰ اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں مراعات شامل ہیں۔