اسلام آباد: پاکستان اور جرمنی کے مابین موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات، نیچر بانڈز کے اجراء، متبادل توانائی کے فروغ اور برقی گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے شراکت داری اور تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔
برلن میں ایک تقریب کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی ملک امین اسلم سمیت دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں پاکستان اور جرمنی نے موسمیاتی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس حوالے سے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ جرمن حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے سرسبز و شاداب پروگرام کے تحت شروع کیے گئے مختلف ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد کے لیے ہر قسم کی تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جرمنی پاکستان کے ساتھ مل کر ماحولیاتی شراکت داری کو فروغ دے رہا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی پائیداری کے منفی اثرات کے خلاف کردار کو بڑھایا جا سکے۔
امین اسلم نے بتایا کہ نیچر بانڈز کے اجراء، کلائمیٹ فنانس، الیکٹرک گاڑیاں، قابل تجدید توانائی اور پانی کے تحفظ جیسے شعبوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاکستانی سفارت خانہ میں انچارج برائے محکمہ ماحولیاتی تبدیلی اور جرمن حکومت کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر کلاڈیا وارننگ نے جرمن وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی (بی ایم زیڈ) کی جانب سے کلائمیٹ پارٹنرشپ معاہدے پر دستخط کیے۔
جرمن عہدیدار نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے میدان میں تعاون کے متاثر کن ٹریک ریکارڈ کی وجہ سے ایک کلیدی ملک ہے۔