وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کی منظوری

تین سال کی تاخیر کے بعد بالآخر پاک یونیورسٹی آف انجنئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کا پی سی وَن جمع، معاملات کی نگرانی کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر مقرر، منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 23 ارب 54 کروڑ روپے لگایا گیا ہے

1538

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے وزیراعظم ہائوس کو جدید طرز کی یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی جس کی لاگت کا تخمینہ 23 ارب 54 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 2018ء میں اپنی انتخابی مہم کے دوران صوبائی گورنر ہائوسز کو عوام کیلئے کھولنے اور وزیراعظم ہائوس کو جدید ترین یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا نعرہ لگا کر مقبولیت سمیٹی تھی اور یہ منصوبہ ان کے الیکشن منشور کا بھی حصہ تھا۔

ایکنک کی منظوری سے قبل وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کی لاگت کا تخمینہ 35 ارب روپے لگایا گیا تھا تاہم اس میں اب مزید کمی کی گئی ہے۔

اس حوالے سے دستیاب تفصیلات کے مطابق ایکنک نے پاک یونیورسٹی آف انجنئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز (پی یو ای ای ٹی) کے قیام کی منظوری دی ہے، یہ مکمل طور پر تحقیقی یونیورسٹی ہو گی جس میں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق کیلئے مختلف سینٹر آف ایکسی لینس اور ایک جدید ترین ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا۔

اس جامعہ کے قیام سے جہاں بہترین تعلیم کو فروغ ملے گا وہیں یونیورسٹی کو انڈسٹری کے ساتھ منسلک کرکے طلباء کو جدید ترین ٹیکنالوجیز سے متعلق تربیت دینے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق تین سال کی تاخیر کے بعد اس منصوبے کا پی سی وَن جمع کرایا گیا اور اب معاملات کی نگرانی کیلئے ایک پروجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہائوس میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے گزشتہ سال وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی کی منظوری دی تھی تاکہ وزیراعظم سے ملحقہ اراضی پر نئی یا اضافی تعمیرات کی جا سکیں۔

اسلام آباد کے پرانے ماسٹر پلان میں مذکورہ سیکٹر صرف سرکاری اور انتظامی عمارات کی تعمیر کیلئے مخصوص ہے اور ماسٹر پلان میں تبدیلی کے بغیر وزیراعظم ہائوس کے علاقہ میں کسی تعلیمی ادارے کا قیام ممکن نہیں تھا۔

چوں کہ وزیراعظم ہائوس وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں واقع ہے جو سکیورٹی کے لحاظ سے حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے، اس لیے ابتداء میں موجودہ حکومت کو یونیورسٹی کے منصوبے کے حوالے سے شدید رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم وزیراعظم عمران خان اپنے وعدے پر مُصر رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہائوس کا رقبہ 100 ایکڑ کے لگ بھگ ہے تاہم یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے وزیراعظم ہائوس کی شمال مغربی سمت میں 50 ایکڑ اراضی کافی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here