اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایسیٹس ڈیکلیریشن آرڈیننس 2019ء کے تحت ایسے ٹیکس گزاروں کو اثاثے ڈیکلیر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جنہوں نے مقررہ تاریخ تک واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی تو کر دی تھی لیکن باوجوہ اثاثہ جات ڈیکلیر نہ کر سکے۔
ایف بی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایسیٹس ڈیکلیریشن آرڈیننس 14 مئی 2019ء کو نافذ کیا گیا تھا تاکہ اس سے فائدہ اٹھانے والے 30 جون 2019ء تک ٹیکس ادائیگی اور اثاثے ڈیکلیر کر سکیں، مقررہ تاریخ میں 3 جولائی 2019ء تک مزید توسیع بھی کر دی گئی تھی۔
Federal Board of Revenue (FBR) has decided to grant one-time opportunity to the taxpayers who paid their tax under the Assets Declaration Ordinance-2019 but somehow could not file their declarations.1/5 @GovtofPakistan @FinMinistryPak
— FBR (@FBRSpokesperson) September 10, 2021
ان ٹیکس گزاروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اب ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے ٹیکس گزاروں کو 15 ایام میں اثاثہ جات گوشوارہ داخل کرنے کا مو قع فراہم کیا جائے جنہوں نے مقررہ تاریخ (3 جولائی 2019ء) تک ٹیکس ادا کر دیا تھا اور کسی وجہ سے اثاثہ جات ڈیکلیئر نہ کرسکے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے اور ایسے ٹیکس گزار 10 ستمبر سے 25 ستمبر 2021ء کے دوران اپنے اثاثہ جات ڈیکلیئر کر سکتے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایکٹ 2007 کی شق 7 کے تحت خصوصی طور پر یہ سہولت دی گئی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے اس ریلیف سے تقریباً 12 ہزار 300 افراد مستفید ہوں گے جو 2019ء میں اپنے اثاثے ظاہر کر کے پہلے ہی ایف بی آر کے پاس 26 ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع کروا چکے ہیں۔