خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین کیلئے 60 کروڑ روپے سے 111 گاڑیاں خریدنے کی منظوری

محکمہ مواصلات کے سات چیف انجینئرز کیلئے 6 کروڑ میں ایس یو ویز، سب انجینئرز کیلئے 5 کروڑ میں 14 سیڈان، ایگزیکٹو انجینئرز کیلئے 21 کروڑ میں 30 ڈبل کیبن ایس یو ویز، سب ڈویژنل آفیسرز کیلئے 27 کروڑ روپے میں 60 جیپیں خریدی جائیں گی

1348

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ مواصلات کے چیف انجینئرز، سب انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز سمیت سب ڈویژنل آفیسرز کیلئے 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 111 گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی۔

محکمہ مواصلات خیبرپختونخوا کے 7 چیف انجینئرز کیلئے سپورٹ یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو وی) خریدی جائیں گی، ہر گاڑی کی قیمت 92 لاکھ روپے لگائی گئی ہے اور 7 گاڑیوں کیلئے 6 کروڑ 44 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

سب انجینئرز کیلئے 14 سیڈان موٹر کاریں خریدی جائیں گی، ہرگاڑی کی قیمت 40 لاکھ روپے ہے اور ان گاڑیوں کیلئے 5 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

صوبہ بھر کے ایگزیکٹو انجینئرز کیلئے 30 ڈبل کیبن سپورٹ یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو وی) خریدی جائیں گی، ہر گاڑی کی قیمت 70 لاکھ روپے ہے اور مجموعی طور پر ان گاڑیوں کیلئے 21 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

اسی طرح صوبے کے سب ڈویژنل آفیسرز کیلئے 60 جیپیں خریدی جائیں گی اور ہر جیپ کی قیمت 45 لاکھ روپے ہے، ان جیپوں کی خریداری پر 27 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 111 گاڑیوں کی خریداری پر صوبائی حکومت 60 کروڑ  4 لاکھ روپے خرچ کرے گی۔

صوبائی محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے مطابق محکمہ مواصلات کو گاڑیاں خریدنے کی اجازت دیدی گئی ہے اور اس حوالے سے منصوبے کو صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے بھی منظور کر لیا ہے۔

تاہم ترقیاتی ورکنگ پارٹی کی جانب سے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ محکمہ مواصلات گاڑیوں کی خریداری کیلئے صوبائی محکمہ خزانہ سے اجازت طلب کرے اور محکمہ خزانہ سے این او سی حاصل کرنے کے بعد ہی گاڑیاں خریدی جائیں۔

واضح رہے کہ سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں صوبائی حکومت نے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی ہے جو نئی گاڑیاں خریدنے کے حوالے سے اجازت دیتی ہے۔ مذکورہ افسران کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کے بعد ان کے پاس موجودہ گاڑیاں محکمہ انتظامیہ کو فراہم کی جائیں گی جن میں سے ناکارہ گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here