اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) رواں مالی سال کے دوران 5 لاکھ 24 ہزار گیس کنکشن جاری کریں گی۔
وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں دونوں کمپنیوں نے اوگرا کے پاس گیس کنکشنز کے لئے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہوئی ہیں۔
اوگرا کی منظوری کے بعد نئے کنکشنز جاری کئے جائیں گے۔ دونوں کمپنیاں مشترکہ طور پر گیس کی ترسیل کے منصوبوں میں 17 ارب 57 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کریں گی۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے صوبائی چیف سکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی ایل پی جی کی فلنگ اور ترسیل روکنے کے لئے اقدامات کریں۔
ترجمان اوگرا کے مطابق عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
ترجمان کے مطابق ایل پی جی رول 2001ء کے تحت موٹرسائیکلز، بسوں، ویگنوں اور پبلک سروس گاڑیوں میں ایل پی جی کے سلنڈر یا ٹینک نصب نہیں کئے جا سکتے۔