پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس وصولی کا اپنا پرانا ریکارڈ توڑ دیا

ریونیو اتھارٹی نے اگست 2020ء میں وصول کیے گئے 8.7 ارب روپے کے مقابلے میں رواں سال اگست میں 10.3 ارب کے ٹیکس کا ہدف حاصل کر لیا، ترجمان

809

لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے رواں مالی سال 2021-22ء کے ابتدائی دو ماہ (جولائی، اگست) میں ٹیکس وصولی کے سابق ریکارڈ توڑ دئیے۔

اس حوالے سے ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں مجموعی طور پر 20 ارب 80 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے 19 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ساڑھے 17 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کیا گیا تھا۔

ریونیو اتھارٹی نے اگست 2020ء میں وصول کیے گئے 8.7 ارب روپے کے مقابلے میں رواں سال اگست میں 10.3 ارب کے ٹیکس کا ہدف حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

دو ماہ میں ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی میں 16 فیصد اضافہ، 35 ارب روپے جاری

زرعی آمدن پر ٹیکس چوری روکنے کیلئے ایف بی آر کی صوبوں کیساتھ اشتراک کی تجویز

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آر اے کی تاریخ میں اگست میں حاصل کیا گیا یہ اب تک کا سب سے زیادہ ٹیکس ہدف ہے اور اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو پنجاب ریونیو اتھارٹی رواں مالی سال کا 155.9 ارب کا ہدف آسانی سے پورا کر لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی آر اے مالی سال 2019-20ء اور 2020-21ء کا ہدف کامیابی سے عبور کر چکی ہے اور امید ہے کہ رواں سال بھی ہدف حاصل کر کے اپنی ہیٹرک مکمل کرکے ملک کی ریونیو اتھارٹیز میں اعلیٰ مقام حاصل کر لے گی۔

ترجمان کے مطابق اتھارٹی تمام سٹیک ہولڈرز کو پنجاب حکومت کا پارٹنر تصور کرتی ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے، اسی وجہ سے پی آر اے کا انحصار ہمیشہ آٹومیشن اور کم از کم انسانی عمل دخل پر رہا ہے اور اب بھی ٹیکس کے شعبے میں مکمل آٹومیشن کی جانب کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

’اس طرح کے اقدامات ٹیکس کا دائرہ بڑھانے میں مدد فراہم کریں گے، اس سے نہ صرف ٹیکس ادائیگی میں مزید آسانی پیدا ہو گی بلکہ ٹیکس چوری کا بھی سدباب ہو گا۔‘

ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ٹیم وزیر خزانہ پنجاب کی قیادت میں اپنا طے کردہ ٹیکس ہدف ٹیکس دہندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here