دو ماہ میں ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی میں 16 فیصد اضافہ، 35 ارب روپے جاری

جولائی اور اگست 2021ء میں انکم ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 29 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب روپے کی ری فنڈز ادائیگیاں کی گئیں، ایف بی آر

651

اسلام آباد: مختلف ٹیکسوں پر ری فنڈز کی ادائیگی میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16.66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست 2021ء میں ری فنڈز کی مد میں مجموعی طور پر 35 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی دو ماہ کے مقابلہ میں 16.66 فیصد زیادہ ہے، جولائی اور اگست 2020ء میں ری فنڈز کی مد میں 30 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں انکم ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 29 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب روپے کی ری فنڈز ادائیگیاں کی گئیں۔

گزشتہ مالی سال 2020-21ء کی اسی مدت میں انکم ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے اور سیلز ٹیکس کی مد میں 26 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔

اعدادوشمار کے مطابق اگست 2021ء میں ری فنڈز کی مد میں 15 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں جو اگست 2020ء کے مقابلہ میں 7.14 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ سال اگست میں ری فنڈ کی مد میں 14 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کیلئے 690 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ ایف بی آر نے ہدف سے 160 ارب روپے اضافی یعنی کل 850 ارب روپے ٹیکس جمع کیا ہے جو ہدف کے مقابلہ میں 23 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ایف بی آر نے 603 ارب روپے کا ٹیکس اکھٹا کیا جو رواں سال کی اسی مدت میں بڑھ کر 850 ارب روپے ہو گیا، مالی سال کی ابتدائی دو ماہ میں ریونیو اکھٹا کرنے میں مجموعی طور پر 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here