جولائی میں وفاقی حکومت نے کتنے ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا؟

1074

اسلام آباد: وزارت اقتصادی امور کے مطابق رواں مالی سال 2021-22ء کے پہلے مہینے کے دوران وفاقی حکومت نے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 80 کروڑ ڈالر بیرونی قرضہ حاصل کیا گیا تھا۔

اس دوران حکومت نے مختلف مالیاتی ذرائع سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر بجٹ سپورٹ کیلئے حاصل کیے جبکہ 17 کروڑ 60 لاکھ ڈٓالر خام تیل کی درآمد پر ادائیگیوں کیلئے حاصل کیے گئے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت نے ایک ارب 4 کروڑ ڈالر یوروبانڈ کے ذریعے حاصل کیے جن پر سود کی شرح 5.8 فیصد سے 8.5 فیصد تک ہے۔

عجمان بینک اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک لندن سے 14 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا تجارتی قرضہ لیا گیا جبکہ خام تیل کی درآمد کیلئے اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 17 کروڑ 60 لاکھ، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور ایشین انفراسٹرکچر بینک سے 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا قرضہ حاصل کیا گیا۔

رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران ہی چین نے ملتان سکھر موٹروے کی تعمیر کیلئے 6 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کا قرضہ جاری کیا۔

واضح رہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے اور بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کیلئے نئے قرضے حاصل کرنے کی وجہ سے پاکستان کی ایکسٹرنل ڈیٹ سروسنگ میں خاصا اضافہ ہو چکا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون 2018ء کے بعد موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کا سرکاری قرضہ 60 فیصد بڑھا ہے اور مجموعی قرض میں 14 کھرب 90 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

اسی حوالے سے گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران بتایا گیا تھا کہ موجودہ حکومت کے پہلے سال میں 7.60 کھرب روپے، دوسرے سال 3.60 کھرب روپے اور تیسرے سال 1.7 کھرب روپے قرضہ لیا گیا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے بعض قرضے اس لئے اٹھائے جاتے ہیں تاکہ ملکی ذخائر میں اضافہ کیا جا سکے، ڈیبٹ ٹو جی ڈی پی تناسب میں کمی کا رجحان حوصلہ افزاء ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here