اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی آئی ٹی لیب میں تیار کی گئی دنیا کی پہلی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی ’پاک آئیڈینٹٹی ایپ‘ کا افتتاح کر دیا۔
اس ایپ کی بدولت پاکستان دنیا میں یہ ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا ہے جس کی بدولت شہری بذریعہ سمارٹ موبائل گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔
صارفین اپنے سمارٹ فون کے کیمرہ کی مدد سے نہ صرف فنگر پرنٹ لے سکتے ہیں بلکہ تصویر اور دیگر دستاویزات بھی سکین کر کے اَپ لوڈ کر سکتے ہیں۔
نادرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نادرا نے جدت آمیز اور جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے پروگرام میں موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی۔
نئی موبائل ایپ کی سب سے اہم خصوصیت اس میں موجود موبائل کیمرے کے ذریعے بائیو میٹرک یعنی انگلیوں کے نشان کے حصول کی سہولت ہے جس کی بدولت شہریوں کو آن لائن شناختی کارڈ بنوانے میں پیش آنے والی سب سے بڑی مشکل دور ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق و تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا
جعلی شناختی بنانے پر ایف آئی اے نے نادرا اہلکار سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا
وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نادرا طارق ملک کے موبائل ایپ کے جدید خیال کو سراہتے ہوئے کہا کہ طارق ملک نے انتہائی قلیل وقت میں ایپ کی تیاری مکمل کرنے اور پاکستان کو یہ ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا دنیا کا پہلا ملک بنا دیا۔
اس موقع پر چیئرمین نادرا نے ادارے کے سافٹ وئیر انجنیئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام کاوشیں وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو عملی جامہ پہنانے کی طرف اہم قدم ہے جو کہ سہولیات کی فراہمی کے ایک نئے دور کے آغاز کے ساتھ ساتھ معیشت کے کئی شعبوں میں بھی انقلاب برپا کرے گی۔
دنیامیں پہلی بارسمارٹ فون کیمرے سےاپنے بائیومیٹرک اورتصویر لےکراب تمام پاکستانی شناختی کارڈ بنا سکتے ہیں۔نادرا کی موبائل ایپ کے ذریعے پاکستان دنیا میں آئی ڈی ٹیکنالاجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا۔اس ڈجیٹل ٹیکنالاجی سےمعیشت کےلاتعدادشعبوں میں انقلابی پیشرفت ہوگا@ReplyTariq pic.twitter.com/EU6kNeR1ue
— NADRA (@NadraMedia) August 31, 2021
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن میں نادرا اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اس طرح کی جدید ترین سہولیات متعارف کرانے کے لئے دن رات مصروف عمل ہے۔
طارق ملک نے کہا کہ نادرا کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی ایپ موبائل فون پر بائیومیٹرک کے حصول کی سہولت سے جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے آن لائن شناختی کارڈ بنوانا انتہائی آسان ہو جائے گا وہیں یہ ٹیکنالوجی معیشت کے لاتعداد دیگر شعبوں میں بھی انقلابی پیشرفت کا باعث بن سکتی ہے۔
چیئرمین نادرا نے کہا کہ ایسے تمام شعبے جن میں بائیومیٹرک تصدیق کی ضرورت پڑتی ہے وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے صارفین انہیں گھر بیٹھے اپنی شناختی معلومات فراہم کر سکتے ہیں اور بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے تمامتر ضروری کارروائی کو مکمل کر سکتے ہیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ یہ موبائل ایپ نادرا کی ویب سائٹ سے (https://id.nadra.gov.pk) سے منسلک کی جائے گی۔ صارفین اپنے سمارٹ فون پر گوگل پلے سٹور اور آئی فون ایپ سٹور سے بھی مذکورہ ایپ ڈائون لوڈ کر سکیں گے۔