روز ویلٹ ہوٹل کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 10 ملین ڈالر جاری کرنے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے ضمن میں الیکشن کمیشن کیلئے ساڑھے 21 کروڑ روپے، کووڈ۔19 ویکسین سمیت دیگر طبی سامان کی خریداری کیلئے 50.1 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی

1009

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 10 ملین ڈالر کے استعمال کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء محمد میاں سومرو، سید فخر امام، علی حیدر زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، گورنر سٹیٹ بینک و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہوا بازی ڈویژن کی جانب سے روز ویلیٹ ہوٹل کارپوریشن کے واجبات بشمول مقامی ٹیکسوں اور یوٹیلیٹیز کی ادائیگی سے متعلق سمری پیش کی گئی، پی آئی اے نے کمیٹی کو درخواست کی کہ مالی واجبات کی فوری ادائیگی کیلئے نیشنل بینک کے پاس موجود 10 ملین ڈالر کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

تفصیلی بحث و مباحثہ کے بعد ای سی سی نے روزویلٹ ہوٹل کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 10 ملین ڈالر کی منظوری دے دی اور ہدایت کی کہ تمام امور کا جائزہ لیا جائے اور فنڈز کے استعمال کے بارے میں آڈٹ شدہ رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے۔

ای سی سی نے روز ویلٹ ہوٹل کے مالیاتی اور آپریشنل مسائل سے نمٹنے کیلئے عالمی معیار کے مالیاتی مشیر کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے ضمن میں ساڑھے 21 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے کووڈ۔19 کی ویکسین اور وبا سے نمٹنے کیلئے دیگر آلات کی خریداری کیلئے 50.1 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی جو ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 30 کروڑ ڈالر امداد کے مطابق جاری کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here