ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیلی کمپنیوں کے درمیان فضائی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی اتحاد انجینئرنگ نے اسرائیل کی ائیروسپیس انڈسٹریز کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مسافر طیاروں کو بوئنگ 777 ای آر 300 مال بردار جہازوں میں تبدیل کرنا ہے۔
اس شراکت داری کے پہلے مرحلے کے دوران اتحاد انجنئرنگ دو بوئنگ طیاروں کو کارگو جہازوں میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرے گی جو ہر سال کئی طیاروں کو تبدیل کرتی ہے۔
اتحاد ایوی ایشن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹونی ڈگلس نے کہا ہے کہ بوئنگ777 نہ صرف مسافروں کیلئے انتہائی پرکشش ہے بلکہ یہ ایک بڑی تکنیکی کامیابی بھی ہے کیونکہ یہ کارگو کے وسیع حل پیش کرنے والی اپنی کلاس میں سب سے بڑا جہاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بوئنگ 777 طیاروں کو کارگو میں تبدیل کرنے سے اشیاء کی طلب پورا کرنے میں مدد ملے گی اور سب سے منافع بخش بات یہ کہ یہ طیارے ماحول دوست ہیں۔
انجینئرنگ یونین کے سی ای او نے کہا کہ اسرائیل ایرو سپیس انڈسٹریز کے ساتھ شراکت داری ابوظہبی کے اکنامک وژن 2030ء کے اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہو گی۔