27.8 ارب روپے لاگت سے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کی تعمیر کی منظوری

یہ پروجیکٹ سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت 24 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا، حکومت پاکستان 10.94 ارب روپے فراہم کرے گی

1290

اسلام آباد: پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی نے 27 ارب 80 لاکھ روپے لاگت کے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے منصوبے کی منظوری دے دی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے 16ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جمعہ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری پلاننگ کمیشن، سیکرٹری فنانس ڈویژن، سیکرٹری مواصلات، ممبر پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ، چیئرمین این ایچ اے اور بورڈ کے دو پرائیویٹ ممبران نے بھی شرکت کی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ نے سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کی تعمیر پر غور کیا۔

اس سے قبل بورڈ نے پروجیکٹ کے ٹرانزیکشن سٹرکچر اور بڈنگ دستاویزی پیکج کی منظوری دی تھی اور کامیاب بولی دہندگان کی تجویز بالترتیب مارچ 2021ء اور جون 2021ء میں ہونے والی میٹنگز میں دی تھی۔ اس منصوبے میں 27.8 ارب روپے کی لاگت سے بلڈ آپریٹ ٹرانسفر (بی او ٹی) کی بنیاد پر 69 کلومیٹر گرین فیلڈ 4 لین موٹروے تعمیر کی جائے گا۔

توقع ہے کہ پروجیکٹ فنانشل کلوز کے حصول کے بعد 24 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا، منصوبے کی رعایتی مدت 25 سال ہے جس میں تعمیراتی مدت بھی شامل ہے۔

اس منصوبہ کیلئے حکومت پاکستان سرمایہ کی فراہمی اور آپریشنل ویبلٹی گیپ فنڈنگ ​​(VGF) کے ذریعے 10.94 ارب روپے فراہم کرے گی۔ یہ منصوبہ موجودہ لاہور سیالکوٹ اور مستقبل کے کھاریاں راولپنڈی موٹروے کو راولپنڈی شہر سے ملائے گا۔

بورڈ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کنسورشیم اور سلطان محمود اینڈ کمپنی کے مابین پروجیکٹ کے معاہدے کی منظوری دی۔ بورڈ نے جاری مالی سال کے لیے P3A  کے نظر ثانی شدہ بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here