
اسلام آباد: پاکستان اور مصر نے مشترکہ بزنس کونسل کے قیام اور دونوں ممالک کی وزارت خزانہ کے درمیان رابطوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان میں مصر کے سفیر طارق محمود داہروغ نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ دونوں رہنمائوں نے اِس امر پر اتفاق کیا کہ پاک مصر تجارتی حجم اطمینان بخش نہیں اور اس میں نمایاں اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اورعرب ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم کو تجارت کے فروغ کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے اور فریقین کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہونا چاہئے۔
ملاقات میں دونوں اطراف نے پاکستان مصر بزنس کونسل کے قیام اور دونوں ممالک کی وزارت خزانہ کے درمیان رابطوں کے فروغ کیلئے اقدامات سے اتفاق کیا۔
اس دوران دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ابتدائی طور کپاس اور چاول کی تجارت میں اضافہ پر توجہ دیتے ہوئے متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت کے بعد ٹھوس اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے اپنے مصری ہم منصب کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے کہا کہ باہمی ترقی اور خوش حالی کیلئے دونوں ممالک کو اقتصادی میدان میں مل کر کام کرنا چاہئے۔
مصر کے سفیر نے وزیر خزانہ شوکت ترین کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔