کراچی: اینگرو کارپوریشن نے ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں اپنی مجموعی سرمایہ کاری کو ساڑھے 21 ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
اینگرو نے اینگرو کنیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ (E Connect) کے نام سے رابطہ کاری اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر سے متعلق اقدامات کیلئے مخصوص پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔
اینگرو کنیکٹ میں 21.5 ارب روپے کی مجموعی ایکویٹی کی شمولیت کو بنیادی طور پر انفرا شیئر کے تحت ٹیلی کام ٹاورز کے نیٹ ورک کو بڑھانے کیلئے استعمال کیا جائے گا اور اس سے جدید ترین نیٹ ورک مانیٹرنگ سلوشنز کی تنصیب اور رابطہ کاری ویلیو چین میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: اینگرو کارپوریشن کی آمدن 30 فیصد اضافے سے 139 ارب روپے ریکارڈ
اس وقت انفرا شیئر کے پاس 1800 سے زائد آپریشنل سائیٹس ہیں جبکہ موجودہ کرایہ داروں کی تعداد 1963 ہے اور ملک کے تمام موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ کمپنی کے فریم ورک معاہدے موجود ہیں، اینگرو 2025ء تک انفرا شیئر کو پانچ ہزار بی ٹی ایس ٹاور کمپنی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
حالیہ سرمایہ کاری کے حوالے سے اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث خان نے کہا کہ ’دنیا اب تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن اور انفرا سٹرکچر شیئرنگ کی طرف بڑھ رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مضبوط رابطہ کاری اور بہترین معیار کا ٹیلی کام انفراسٹرکچر پاکستان کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اہم مسائل حل کرنے کے اینگرو کے مقصد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہم موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کو ان کے غیرفعال انفراسٹرکچر کیلئے معاونت اور نیکسٹ جنریشن نیٹ ورکس کی تعیناتی کیلئے معیاری انسانی سرمائے کا استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں میں تھری جی اور فور جی صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہے اور اس میں سالانہ 28 فیصد ترقی ریکارڈ کی گئی ہے، اس کے علاوہ ٹیلی کام سیکٹر میں ڈیٹا کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جو مالی سال 2018ء سے مالی سال 2020ء تک دگنی ہو گئی ہے۔