اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے دبئی ایکسپو 2020ء کے دوران پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے اور تمام صوبائی حکومتوں کو ایکسپو میں شرکت کیلئے تیاریوں کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔
سوموار کو وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستان کی شرکت اور اس حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان کی بھرپور شرکت سے جہاں بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے مختلف پہلوئوں سے روشناس کرایا جائے گا، وہاں تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکسپو کا آغاز یکم اکتوبر 2021ء سے ہوگا اور یہ چھ ماہ جاری رہے گی۔ وزیراعظم کو پاکستانی پویلین اور اس کے مختلف حصوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اس امر پر زور دیا کہ دبئی ایکسپو کے دوران پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بیش پناہ مواقع کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ راوی ریور پراجیکٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ جیسے منصوبوں کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا اور شمالی علاقہ جات میں سیاحت، ملکی معدنی وسائل، آئی ٹی اور مذہبی سیاحت کے فروغ اور ان شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کی متحرک طور پر دبئی ایکسپو کے دوران اپنے اپنے منصوبوں کو اجاگر کرنا چاہیے، تمام صوبائی حکومتیں ایکسپو کے حوالے سے تیاریوں کو جلد از جلد حتمی شکل دیں۔
اس سے قبل وزیراعظم نے ملک میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
چئیرمین سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی عامر ہاشمی نے اجلاس کے دوران ملک میں مختلف سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور ان زونز میں سرمایہ کاروں کو میسر سہولیات اور مراعات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کا مقصد جدید ترین ٹیکنالوجی کی منتقلی، غیرملکی سرمایہ کاری کا فروغ، افرادی قوت کی تربیت، تحقیق و ترقی کی شرح میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور آئی ٹی برآمدات کو بڑھاتے ہوئے درآمدت کا متبادل پیدا کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ٹیکنالوجی کا فروغ، تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے اور حکومتی اداروں کی مضبوط پارٹنرشپ کا قیام اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے موافق فضا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ہر وہ سہولت فراہم کر رہی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں میسر آتی ہیں۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لئے وَن ونڈو آپریشنز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کو کسی بھی قسم کی دقت سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ اکتوبر کے مہینے میں دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ایکسپو جیسے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور ملک کے سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں میسر مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ اور تعمیراتی میٹریل کی طلب و رسد اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ملک میں سیمنٹ اور سریا کی طلب و رسد اور قیمتوں کے علاوہ گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور قیمت سے متعلقہ معاملات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی اور فروغ خصوصاََ کم لاگت والے گھروں کی تعمیر میں بلاتعطل پیش رفت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیرات میں استعمال ہونے والے خام مال اور اسی طرح گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب کے مطابق بلا تعطل رسد کو یقینی بنانے اور ان اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام بروئے کار لایا جائے۔