پہلی ششماہی میں حبیب بینک کا منافع 18.7 فیصد اضافے سے 18 ارب روپے سے متجاوز

سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں سال 2021ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران حبیب بینک کی خالص آمدنی میں 2.849 ارب روپے اضافہ ہوا اور بینک کی فی شئیر آمدنی 12.04 روپے ریکارڈ کی گئی

739

اسلام آباد: حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے خالص منافع میں رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 18.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے بینک کے مالیاتی نتائج کے مطابق جنوری تا جون 2021ء کے لئے ایچ بی ایل کی خالص آمدن 18.029 ارب روپے تک بڑھ گئی اور اس عرصہ کے لئے بینک کی فی شئیر آمدنی 12.04 روپے ریکارڈ کی گئی۔

جنوری تا جون 2020ء کے لئے حبیب بینک لمیٹڈ نے 15.18 ارب روپے بعد از ٹیکس نفع کمایا تھا اور اس کی فی شئیر آمدنی 10.32 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس طرح سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں سال 2021ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران حبیب بینک لمیٹڈ کی خالص آمدنی میں 2.849 ارب روپے یعنی 18.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایچ بی ایل کی انتظامیہ نے 1.75 روپے فی شئیر کے وسط مدتی ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سال 2021ء کی پہلی ششماہی کے دوران ایچ بی ایل کی جانب سے اپنے شئیر ہولڈرز کو دیئے جانے والے مجموعی ڈیوڈنڈ کا حجم 3.5 روپے فی شئیر تک بڑھ گیا۔

ٹاپ لائن سکیورٹیز کے تجزیہ کار عمیر نصیر نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ حبیب بینک کی آمدنی بینکاری کے شعبہ کی کارکردگی کے حوالہ سے توقعات سے کہیں بہتر رہی ہے جو بینک کی بہترین کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here