اسلام آباد: رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ (ایف ایف بی ایل) کا بعد از ٹیکس منافع بڑھ کر ایک ارب 87 کروڑ 90 لاکھ روپے ہو گیا۔
کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا جون 2021ء کے دوران فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کا خالص منافع ایک ارب 87 کروڑ 90 لاکھ روپے تک بڑھنے کی وجہ سے کمپنی کی فی شئیر آمدنی 1.29 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے دوران فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کو تین ارب 22 کروڑ 20 لاکھ روپے خسارہ ہوا تھا اور کمپنی کا فی شئیر خسارہ 2.78 روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سال 2020ء کے پہلے چھ ماہ کےمقابلہ میں رواں سال 2021ء کی پہلی ششماہی کے دوران ایف ایف بی ایل کی خالص فروخت 21 فیصد اضافہ سے 24 ارب 78 کروڑ 20 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 29 ارب 91 کروڑ 70 لاکھ روپے تک بڑھ گئی جو کمپنی کے خسارہ کے خاتمہ اور خالص آمدنی کے حصول میں معاون ثابت ہوئی ہے۔
مالیاتی رپورٹ کے مطابق 30 جون 2021ء کو ختم ہونے والی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران کمپنی کی خالص آمدنی 65 کروڑ 65 لاکھ 20 ہزار روپے رہی تھی جبکہ سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی میں ایف ایف بی ایل کو 32 کروڑ 18 لاکھ 20 ہزار روپے خسارہ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے لئے کمپنی کو 25 پیسے فی شئیر خسارہوا تھا تاہم سال 2021ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی نے 41 پیسے فی شئیر آمدنی حاصل کی ہے۔