پاکستان کی ترک کمپنیوں کو آئی ٹی، صنعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت

استنبول میں صدر مملکت عارف علوی سے ترک کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقاتیں، پاکستان کو برآمدات بڑھانے میں مدد کے لئے اپنی مہارت اور مشاورتی مدد کی پیشکش بھی کی

684

استنبول: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ترک تاجر اور سرمایہ کار پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئی ٹی، کان کنی، مالیات، صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ترکی کی معروف کمپنیوں کے کاروباری وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا جنہوں نے سوموار کو استنبول میں اُن سے ملاقات کی۔

وفد صنعتی گروپوں کے ساتھ ساتھ توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور الیکٹرانکس سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ترک کمپنیوں کے چیئرمین/سی ای اوز پر مشتمل تھا۔

شرکاء میں زورلو انرجی، ارسیلک، ایکزاکاب ہولڈنگ، ویریپارک، ٹوبیساد (ترک انفارمیٹکس انڈسٹری ایسوسی ایشن) اور بیرونی اقتصادی تعلقات بورڈ کی ترکی پاکستان بزنس کونسل (ٹی پی بی سی) کے ارکان شامل تھے۔

جغرافیائی اقتصادیات پر پاکستان کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری برادری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی طرف توجہ مبذول کرائی۔

وفد کے مختلف اراکین نے صدر پاکستان کو اپنے متعلقہ کاروبار اور ممکنہ منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستان میں مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے شروع کئے جا سکتے ہیں۔

ترک تاجروں نے پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے میں مدد کے لئے اپنی مہارت اور مشاورتی مدد کی پیشکش کی۔ وفود نے صدر کو پاکستان میں موجود ترک سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جبکہ صدر مملکت نے ان مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here