اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ ( پی ٹی سی ایل) گروپ کی آمدنی میں سال 2021ء کی پہلی ششماہی کے دوران 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
کمپنی کے مالیاتی نتائج کے مطابق جنوری تا جون 2020ء کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ کو 62.9 ارب روپے آمدنی ہوئی تھی تاہم رواں سال میں جنوری تا جون 2021ء کی پہلی ششماہی کیلئے کمپنی کی آمدنی 68 ارب روپے تک بڑھ گئی۔
اس طرح سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں سال 2021ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی میں 5.1 ارب روپے یعنی 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کو رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 2.8 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل ہوا ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 96 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کا نیٹ پرافٹ سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 38 فیصد اضافے سے سال 2021ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران 3.7 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔
زیر جائزہ عرصہ کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ کی ذیلی کمپنیوں نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جنوری سے جون 2021ء کے دوران بھی یو بینک کی ترقی کا تسلسل جاری رہا اور اس نے 17 فیصد نمو حاصل کی۔
یوفون نے سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں سال 2021ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران پانچ فیصد زیادہ ریونیو حاصل کیا۔
پی ٹی سی ایل گروپ کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) ندیم کا کہنا ہے کہ گروپ کی شاندار کارکردگی کی بدولت ریونیو میں 8 فیصد اضافہ 2014ء کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہا مسلسل چوتھی سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل کے کنزیومر بزنس نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور اس کے براڈبینڈ صارفین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔