پاکستان ایل این جی اور کے الیکٹرک میں گیس فراہمی کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا

معاہدے کے تحت آر ایل این جی سے چلنے والے 900 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کے لئے پاکستان ایل این جی 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے الیکڑک کو فراہم کرے گی

657

اسلام آباد: پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ای) اور کے الیکٹرک کے درمیان 900 میگاواٹ کے بی کیو پی ایس۔III پاور پلانٹ کے لئے گیس کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا۔

منگل کو اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے سربراہ مونس علوی اور پاکستان ایل این جی (پی ایل ایل) کے سی ای او مسعود نبی نے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدہ پر دستخط کی تقریب پٹرولیم ہاﺅس میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر، سیکرٹری پٹرولیم اور دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ کسی سرکاری توانائی کمپنی اور بجلی کے شعبے کی نجی کمپنی کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس کے تحت آر ایل این جی سے چلنے والے 900 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کے لئے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پاکستان ایل این جی کے الیکڑک کو فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دونوں کمپنیوں کو اہم سنگ میل کے حصول پر سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مستقبل کے لئے ایک درست قدم اور کے الیکٹرک اور پی ایل ایل کے لئے مثبت پیشرفت ہے جس کے ذریعے دونوں کمپنیوں اور کراچی کے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

بی کیو پی ایس تھری 600 ملین ڈالر لاگت سے زائد کا کے الیکٹرک کا ایک اہم منصوبہ ہے اور اس کے ذریعے 900 میگاواٹ بجلی کے الیکٹرک کے سسٹم کو حاصل ہو گی جس سے کراچی کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔

اس موقع پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ ’آج ایک تاریخی موقع ہے اور اس سلسلے میں ہم کراچی کے باسیوں کے لئے تعاون پر وزیر توانائی کے شکرگزار ہیں۔ یہ معاہدہ کراچی کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ بی کیو پی ایس تھری منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ حالیہ عرصے میں تیزی کے ساتھ پیداوار شروع کرنے والا منصوبہ ہے۔

پاکستان ایل این جی کے سی ای او مسعود نبی نے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی کے لئے نجی اور سرکاری شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے یہ معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here